شامی مہاجرین کے لیے سعودیوں کے 20 کروڑ ریال کے عطیات
سعودی عرب میں شامی باغیوں کے لیے جاری امدادی مہم کے دوسرے روز جمع کردہ عطیات کی مالیت 20 کروڑ 26 لاکھ ریال سے زیادہ ہوگئی ہے۔
بدھ کے روز شامی عوام کی امداد کے لیے چودہ کروڑ اکتیس لاکھ ریال سے زیادہ کے عطیات جمع ہوئے تھے۔ سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دو روز پہلے شامی مہاجرین کی امداد کے لیے شہریوں سے دس کروڑ ریال عطیات جمع کرنے کی اپیل کی تھی۔
شاہ سلمان نے اس مہم کے لیے اپنی جیب سے دو کروڑ ریال کا عطیہ دیا ہے ۔ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف نے ایک کروڑ اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اسی لاکھ ریال شامی بھائیوں کی امداد کے لیے عطیہ کیے ہیں۔
شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف مرکز کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے بتایا تھا کہ ''صرف نقدی کی شکل میں عطیات اکٹھے کیے جارہے ہیں اور ہم دیگر اشیاء کی صورت میں امدادی سامان جمع نہیں کررہے ہیں،کیونکہ سعودی عرب اور شام کے درمیان کافی فاصلہ حائل ہے اور وہ سامان پہنچانا مشکل ہوگا''۔
انھوں نے مزید بتایا ہے کہ ان عطیات کی شامی مہاجرین میں تقسیم کے لیے متعلقہ اداروں اور فریقوں سے رابطہ کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مختصر وقت میں اتنی بھاری رقوم کا جمع ہونا سعودی عوام کی انسانیت نوازی اور مسلم بھائیوں کے ساتھ مصیبت کی گھڑی میں کھڑا ہونے کے ہمدردانہ رویے کا بھی مظہر ہے۔
شامی مہاجرین کے لیے یہ مہم جمعہ کو تیسرے روز بھی جاری رہے گی۔اس مہم کے تحت شامی عوام کے لیے عطیات مختصر پیغامات کی سروس کے تحت (ایس ایم ایس) تمام ٹیلی مواصلاتی کمپنیوں کے ایک مشترکہ نمبر 5565 کے ذریعے جمع کیے جارہے ہیں۔ایک نمبر پر ایس ایم ایس سے 10 ریال ،دو پر 20 ریال اور تین پر 30 ریال عطیہ کیے جا سکتے ہیں۔