وزیراعظم ٹروڈو کینیڈا میں مہاجرین کو خوش آمدید کہیں گے
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سات مسلم ملکوں کے شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی کے حکم کے بعد ہر طرح کے تارکین وطن اور مہاجرین کو خوش آمدید کہنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم ٹروڈو نے ٹویٹر پر ''ویلکم ٹو کینیڈا'' کے ہیش ٹیگ کے ساتھ یہ تحریر پوسٹ کی ہے جو لوگ ظلم وجبر ،تشدد اور جنگوں سے جانیں بچا کر آرہے ہیں ،آپ کا عقیدہ خواہ کچھ ہی ہے،کینیڈا آپ کو خوش آمدید کہے گا''۔
ان کے اس پیغام سے ایک روز قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انتظامی حکم کے ذریعے ہر طرح کے مہاجرین پر ایک سو بیس روز کے لیے امریکا میں داخلے پر پابندی عاید کردی ہے اور سات مسلم ملکوں ایران ،عراق ،لیبیا ،صومالیہ ،شام اور یمن کے شہریوں پر تین ماہ کے لیے ملک میں داخلے پر پابندی عاید کی ہے۔
اس حکم پر عمل درآمد کے بعد ان سات ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو دنیا کے مختلف ہوائی اڈے سے امریکا جانے والی پروازوں پر سوار ہونے سے روک دیا گیا ہے اور جو اس دوران طیاروں میں سوار ہوچکے تھے۔انھیں امریکا کے ہوائی اڈوں پر پہنچنے پرحراست میں لے لیا گیا ہے یا انھیں وہاں سے واپس بھیجا جارہا ہے۔
کینیڈا کی فضائی کمپنی ویسٹ جیٹ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ نئی پالیسی کی تحت ان ملکوں کے جن مسافروں کو امریکا میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی،انھیں ان کے ٹکٹوں کی مکمل رقوم لوٹا دے گی۔