ایران: رکن پارلیمان کی دریدہ دہنی پر سُنی بلاک میں غم وغصے کی لہر
اسپیکر سے چاروں خلفائے راشدینؓ کی توہین پر جواد کریمی کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ
ایران کے ایک رکن پارلیمان جواد کریمی قدوسی نے مبینہ طور پر دریدہ دہنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نبی اکرم ﷺ کے صحابہ کی توہین کی ہے جس پر پارلیمان میں اہل السنت بلاک نے سخت غم وغصے کا اظہار کیا ہے اور اس رکن کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ایران کی لیبر نیوز ایجنسی کے مطابق سنی بلاک نے پارلیمان کے اسپیکر علی لاری جانی کے نام ایک خط لکھا ہے۔اس میں قدوسی کے جمعہ کو توہین آمیز بیانات پر سخت غم وغصے کا اظہار کیا گیا ہے۔اس رکن پارلیمان نے نبی اکرم ﷺ کے چاروں خلفاء کی توہین کی ہے اور سُنیوں کے بارے میں جھوٹے دعوے کیے ہیں۔
سنی بلاک نے اسپیکر سے مطالبہ کیا ہے کہ قدوسی کے خلاف صحابہ کی توہین اور اہل سنت کے بارے میں من گھڑت بیانات جاری کرنے پر تحقیقات کی جائے۔
ایران کے نیم سرکاری ذرائع کے مطابق ملک میں اہلِ سنت کی آبادی دس سے بیس فی صد کے درمیان ہے۔ایران کی کل آبادی قریباً سات کروڑ نوّے لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔