.

یمن : حضرموت میں القاعدہ سے آزادی کا سال پورا ہونے پر جشن کا سماں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے جنوب مشرقی صوبے حضرموت میں القاعدہ سے آزادی کا سال پورا ہونے پر جشن کا سماں ہے اور صوبائی دارالحکومت المکلا میں مکینوں نے اس موقع پر زبردست آتش بازی کی ہے۔

واضح رہے کہ القاعدہ کے جنگجوؤں نے 24 اپریل 2016ء کو سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کی مدد سے یمنی فوج کی کارروائی کے بعد المکلا شہر کو خالی کردیا تھا۔ اس شہر کے سیکڑوں مکین سوموار کو آزادی کی سالگرہ منانے کے لیے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سڑکوں پر نکل آئے اور وہ پٹاخے چلا کر خوشی کا اظہار کررہے تھے۔

القاعدہ کے جنگجوؤں نے 2015ء میں یمنی حکومت کی فورسز کی حوثی باغیوں کے خلاف ملک کے دوسرے علاقوں میں جاری لڑائی کا فائدہ اٹھایا تھا اور انھوں نے المکلا سمیت حضرموت کے بعض شہروں اور قصبوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ان کا یہ قبضہ قریباً ایک سال تک برقرار رہا تھا۔

گذشتہ سال یمن کی سرکاری فوج نے عرب اتحاد کی مدد سے القاعدہ کے خلاف سخت لڑائی کے بعد المکلا کی بندرگاہ اور ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھال لیا تھا اور شہر بھر میں چیک پوائنٹس قائم کر لیے تھے۔یمنی فوج نے المکلا پر کنٹرول مستحکم کرنے کے بعد ملک کے دوسرے جنوبی علاقوں کی جانب پیش قدمی کی تھی۔اس نے گذشتہ مہینوں کے دوران میں القاعدہ کے زیر قبضہ کم وبیش تمام جنوبی علاقے بازیاب کرالیے ہیں اور اس تنظیم کے جنگجو اب خفیہ پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔