سُوپ میں "ساس" نہ ڈالنے پر بیٹے نے باپ کو قتل کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

تھائی لینڈ میں ایک نوجوان نے اپنے باپ کو چُھرے کے وار سے محض اس لیے قتل کر ڈالا کہ وہ نوجوان کے پسندیدہ "سُور کے گوشت کے سُوپ" میں مچھلی کا "ساس" ڈالنا بھول گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے جنوبی قصبے بوریرام میں 36 سالہ سیکڈین نامی نوجوان نے دوپہر کے کھانے کے لیے سُور کا گوشت خرید کر اپنے 65 سالہ باپ نجور کو دے دیا۔ تاہم سیکڈین کے باپ کو سُوپ کی تیاری میں دیر ہو گئی جس پر بیٹا سخت غصے میں آ گیا۔

سیکڈین کا پارہ اس وقت مزید چڑھ گیا جب اس کے باپ نے بتایا کہ وہ سُوپ میں مچھلی کا "ساس" ڈالنا بھول گیا۔ یہ ساس تھائی کھانوں میں مرکزی عنصر شمار کیا جاتا ہے۔

سیکڈین نے غصے میں آگ بگولہ ہو کر شیشے کی ایک خالی بوتل ہاتھ میں اٹھائی اور باپ کے سر پر دے ماری۔ اس دوران سیکڈین کی 66 سالہ ماں نے مداخلت کی کوشش کی مگر بیٹے نے اس کو مار کر علاحدہ کر دیا۔

اس کے بعد سیکڈین نے باورچی خانے سے چُھری اٹھا کر اپنے باپ پر پے در پے وار کر ڈالے۔ ان میں نجور کی کمر پر 10 سے زیادہ وار تھے جب کہ گہرا وار دل پر کیا گیا تھا۔

پولیس جائے واردات پر پہنچی تو قاتل بیٹا سیکڈین کے کپڑے خون میں لت پت تھے اور وہ خاموشی کے ساتھ گھر میں ایک جانب بیٹھا ہوا تھا۔

پولیس نے زیر حراست بیٹے سیکڈین کو لے کر جائے واردات کا دورہ کیا اور وہاں پھر سے اس واقعے کو ڈرامائی طور پر دُہرایا۔ اس کے علاوہ سیکڈین کو کہا گیا کہ وہ اپنے باپ کی میت کے سامنے جھک کر اس سے معافی مانگے۔

ڈپٹی انسپکٹر کرنل کرتی چراچائے نے بتایا کہ "بیٹے نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے اور اب اسے بیرورام کی جیل بھیج دیا گیا ہے جس کے بعد اس کے خلاف عدالتی فیصلہ سامنے آئے گا"۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں