سعودی عرب: ہر منٹ میں ایک ٹریفک حادثہ، جرمانے بڑھانے کی تجویز
خواتین کو بیرون شہر بھی ڈرائیونگ کی اجازت ہو گی: منصور الترکی
سعودی عرب کی وزارت داخلہ سے وابستہ بریگیڈئر جنرل بسام عطیہ نے انکشاف کیا ہے کہ مملکت میں ہر ایک منٹ کے دوران کوئی نہ کوئی حادثہ رپورٹ کیا جا رہا ہے۔ نیز ہر گھنٹے میں کم سے کم چار افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
اس امر کا اعلان انہوں نے بدھ کے روز ٹریفک اقدامات میں بہتری اور سڑکوں پر سلامتی کا لیول بڑھانے کے حوالے سے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ کئے جانے والے ستر فیصد حادثات شہر سے باہر جبکہ تیس فیصد شہری علاقوں میں ہو رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ گذشتہ برس 1438ھ ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد سات ہزار رہی اس طرح حادثات میں روزانہ اوسطا 20 افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ ہر منٹ ایک حادثہ ہو رہا ہے جبکہ ہر گھنٹے میں چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں حادثات سے بچنے کے لئے ایک مہذب شہر اور مہذب شہری درکار ہیں۔
بھاری جرمانے
جنرل ڈائریکٹر برائے ٹریفک مینجمنٹ کرنل محمد البسامی نے بتایا کہ ٹریفک کے محکمہ نے نئی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لئے ان انسانی زندگی کو خطرات سے دوچار کرنے والی ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر اضافی جرمانوں کی سزا دینے کی تجویز دی ہے جس کی روشنی میں لائسنس کے بلیک پوائنٹس کے نظام کو بھی از سرنو مرتب کیا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ ہمیں فی الحال آٹھ قسم کے چیلجنز کا سامنا ہے جنہیں ہم آنے والے دنوں میں حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ ٹریفک کا محکمہ لوگوں کی زندگیاں بچانے کی خاطر مملکت کے طول وعرض میں ٹکنالوجی کو بھی بروئے کار لائے گا۔
خواتین ڈرائیونگ
ریاض میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈئر جنرل منصور الترکی نے کہا کہ مملکت میں خواتین کو بیرون شہر بھی ڈرائیونگ کی اجازت ہو گی۔ قانون ٹریفک مرد وخواتین دونوں کیلئے یکساں ہے۔
ٹریفک پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر ترجمان وزارت داخلہ منصور الترکی کی جانب سے وضاحت جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ خواتین بھی سعودی قانون ٹریفک کی اسی طرح پابند ہوں گی جیسا کہ مرد ہیں۔ سعودی قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والی خاتون کو یہ اختیار ہو گا کہ وہ قانون کے مطابق گاڑی چلائے خواہ وہ شہر کے اندر ہو یا شہر سے باہر۔ ٹریفک قوانین کا احترام کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔