سری دیوی کی موت حرکتِ قلب بند ہونے سے نہیں، ڈوبنے سے ہوئی: دبئی پولیس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

بالی ووڈ اسٹار سری دیوی کی موت کی ایک نئی اور اصل وجہ سامنے آگئی ہے اور دبئی پولیس کو دی گئی ان کی پوسٹ مارٹم رپوٹ کے مطابق ان کی موت ’’حادثاتی طور پر ڈوبنے‘‘ سے ہوئی تھی۔اب ان کی میت کی بھارت واپسی کے لیے دوسرے قانونی نقاضے پورے کیے جارہے ہیں۔

دریں اثناء دبئی حکومت کے میڈیا آفس نے اپنے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر یہ اطلاع دی ہے کہ دبئی پولیس نے اب یہ کیس دبئی پبلک پراسیکیوشن کے سپرد کردیا ہے اور وہ اس طرح کے باقی معاملات کی طرح قانونی طریق کار کے مطابق یہ کیس نمٹا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ پوسٹ مارٹم کے تجزیے کی تکمیل کے بعد دبئی پولیس کے ہیڈ کوارٹر نے بتایا ہے کہ بھارتی اداکارہ سری دیوی کی موت ہوٹل کے اپارٹمنٹ کے باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی تھی ۔وہ ہوش وحواس کھو جانے کے بعد اس میں گر گئی تھیں‘‘۔

قبل ازیں یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ سری دیوی کی موت ہفتے کی شب اچانک دل کی حرکت بند ہو جانے سے ہوئی تھی اور بھارتی حکام اور متوفیہ کے قانونی لواحقین دبئی حکام سے ضروری سرٹیفکیٹس کے حصول کے منتظر ہیں تاکہ ان کی میت کو بھارت منتقل کیا جاسکے۔

بھارتی قونصل خانے کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ جب تک ہمیں سرٹیفکیٹس نہیں مل جاتے، ہم نعش کی واپسی کا عمل شروع کرسکتے ہیں اور نہ کوئی وقت دے سکتے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا کہ متوفیہ کا پاسپورٹ منسوخ کردیا گیا ہے۔

سری دیوی دبئی میں شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے گئی تھیں۔ان کی بیٹی خوشی اور خاوند بونی کپور بھی پہلے سے وہیں موجود تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size