.

سعودی کابینہ میں امریکا اور برطانیہ سے مختلف شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں کی منظوری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے امریکا اور برطانیہ کے ساتھ تعلیم ، سائنس ، تفریح ، انٹکچوعرئل پراپرٹی رائٹس اور شہری ہوا بازی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق سمجھوتوں کی منظوری دے دی ہے۔

سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے الریاض میں الیمامہ محل میں منعقدہ کابینہ کے اس اجلاس کی صدارت کی ہے۔ سول سروس ، ثقافت اور اطلاعات کے قائم مقام وزیر سلیمان الحمدان نے سعودی پریس ایجنسی کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ کابینہ کو سعودی ولی عہد ، وزیر دفاع اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے مصر کے حالیہ دورے اور ان کی صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

بیان کے مطابق سعودی کابینہ نے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ مملکت میں انسانی حقوق کا ہر سطح پر تحفظ کیا جائے گا اور انسانی حقوق کی علمبردار بین الاقوامی تنظیموں سے مثبت انداز میں تعاون کیا جائے گا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سعودی عرب اسلامی شریعت کے اصولوں کے عین مطابق انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کررہا ہے۔اسلام بنی نوع انسان کی عظمت اور وقار کا نسل ، رنگ اور صنف سے قطع نظر تحفظ کا ضامن ہے۔

سعودی کابینہ نے شام کے محاصرہ زدہ علاقے مشرقی الغوطہ میں جاری انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کی مذمت کا اعادہ کیا ہے۔شامی فوج اور اس کی اتحادی ملیشیاؤں نے 2013ء سے دمشق کے نواح میں واقع اس علاقے کا محاصرہ کررکھا ہے اور گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں اس میں واقع شہروں اور قصبو ں پر تباہ کن بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم آٹھ سو افراد مارے جاچکے ہیں۔

الحمدان نے بتایا کہ کابینہ نے وزیر تجارت اور سرمایہ کاری یا ان کے نائب کو انٹکچویںئل پراپرٹی کے شعبے میں امریکا سے دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق مفاہمت کی ایک یاد داشت پر تبادلہ خیال اور دستخط کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔کابینہ نے جنرل آڈٹ بیورو کے صدر یا ان کے نائب کو امریکا کے احتساب دفتر سے اکاؤنٹنگ ، آڈٹنگ اور پیشہ ورانہ کام سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر بات چیت اور دستخط کا ا ختیار دیا ہے۔

کابینہ نے وزیر تعلیم یا ان کے نائب کو برطانیہ کی وزارت تعلیم کے ساتھ سائنسی اور تعلیمی شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر بات چیت اور اس پر دستخط کا اختیار دیا ہے۔اسی طرح کابینہ نے وزیر برائے توانائی ، صنعت اور قدرتی وسائل کے وزیر کو برطانیہ کے محکمہ کاروبار ، توانائی اور صنعتی حکمت عملی سے صاف توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر بات چیت اور پھر اس پر دستخط کی ذمے داری سونپی ہے۔

سعودی کابینہ نے جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے صدر یا ان کے نائب کو برطانیہ کے محکمہ ثقافت ، میڈیا اور اسپورٹس سے تفریح کے شعبے میں دوطرفہ تعاون سے متعلق سمجھوتے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو برطانیہ کی ٹرانسپورٹ کی وزارت سے شہری ہوابازی کی سکیورٹی سے متعلق ایک سمجھوتے پر بات چیت اور دستخط کا اختیار سونپا ہے۔