.

ویانا میں ایرانی سفیر کی قیام گاہ کے باہر چاقو بردار حملہ آور قتل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایرانی سفیر کی قیام گاہ کے باہر ایک 26 سالہ چاقو بردار حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے۔

پولیس کے ترجمان ہیرالڈ کے مطابق اس آسٹروی نوجوان نے اتوار اور سوموار کی درمیانی شب ویانا کے رہائشی علاقے میں واقع ایرانی سفیر کی قیام گاہ کے با ہر ایک محافظ پر چاقو سے حملہ کیا تھا ۔اس سے بچاؤ کے لیے محافظ نے جوابی فائرنگ کردی جس سے حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر اس واقعے کے محرک کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔محافظ کو بازو کے اوپر کے حصے میں چاقو لگنے سے زخم آیا ہے۔آسٹریا کی وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس محافظ نے قانون کے عین مطابق عمل کیا تھا۔اس نے پہلے حملہ آور کی جانب مرچوں کا سپرے کیا تھا اور پھر گولی چلائی تھی۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ حملہ آور ویانا ہی میں مقیم تھا لیکن اس کا آبائی تعلق آسٹریا کے علاقے ٹیرول سے تھا۔اس واقعے کے بعد پولیس کو شہر میں تمام سفارتی مشنوں کے ارد گرد مزید نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔