شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ ناگزیر ہے: ٹرمپ اور آبے میں اتفاقِ رائے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیراعظم شنزو آبے نے پیر کی شب ٹیلیفون پر ہونے والے رابطے میں اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ شمالی کوریا کا جوہری ہتھیار سے دست بردار ہونا اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو ختم کرنا ناگزیر ہے۔
وہائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گفتگو میں دونوں شخصیات نے حال ہی میں شمالی کوریا کے حوالے سے سامنے آنے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ ٹرمپ اور آبے نے باور کرایا کہ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان 12 جون کو متوقع آئندہ سربراہ ملاقات سے قبل قریبی رابطہ کاری کے واسطے یہ دونوں شخصیات ایک بار پھر ملاقات کریں گی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے اتوار کی شب تصدیق کی تھی کہ امریکا کی ایک ٹیم شمالی کوریا پہنچی ہے تا کہ 12 جون کو ٹرمپ اور کم یونگ اُن کے درمیان سربراہ ملاقات سے متعلق انتظامات عمل میں آ سکیں۔
سنگاپور میں شمالی کوریا کے سربراہ کے ساتھ آئندہ سربراہ ملاقات کے حوالے سے ٹرمپ نے مثبت لب و لہجہ اختیار کیا ہوا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ " میں شمالی کوریا کی معیشت میں شاندار مواقع دیکھ رہا ہوں، میں یقین رکھتا ہوں کہ اس کی معیشت تابناک مستقبل کی حامل ہے۔ ایک روز یہ بڑی معیشت والی قوم ہو گی۔ کم یونگ اُن اس حوالے سے میری رائے سے اتفاق کریں گے"۔