انڈونیشیا : دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کے شبہے میں 3 افراد گرفتار
انڈونیشیا میں انسداد دہشت گردی کی پولیس نے جزیرہ سماٹرا کے شہر پکانبارو کی ایک یونیورسٹی میں چھاپے کے دوران تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے پاس سے مختلف نوعیت کے بم اور دھماکا خیز آلات بھی برآمد کر لیے۔
پولیس کے ترجمان کے بیان کے مطابق حکام کو شبہ ہے کہ ان تینوں افراد نے پکانبارو میں مقامی پارلیمنٹ کی عمارت پر حملے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس کو ایک ایئرگن اور متعدد تیر کمانوں کے علاوہ کھاد جیسا مواد بھی ملا جو دھماکا خیز آلات تیار کرنے میں کام آ سکتا ہے۔
اس سے قبل انڈونیشی حکام ملکی جامعات میں شدت پسندی کے پروان چڑھنے پر اپنی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ پکانبارو پولیس کے صدر دفتر کے نزدیک افسران پر تلواروں سے حملہ کرنے والے چار افراد کو گولیاں مار کر موت کی نیند سلا دیا گیا تھا۔
یہ واقعہ انڈونیشیا کے دوسرے بڑے شہر سوراپایا میں گرجا گھروں اور پولیس کی عمارتوں پر شدت پسندوں کے خودکش دھماکوں کے سلسلے کے بعد پیش آیا۔
سوراپایا کے حملوں میں تقریبا 30 افراد مارے گئے جن میں 13 کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ خودکش حملہ آور تھے۔