یمن کی سرکاری فوج الحدیدہ ہوائی اڈے کے قریب پہنچ گئی
حوثی باغیوں کو شدید لڑائی میں اہم کمانڈروں کی ہلاکت سمت بھاری جانی ومالی نقصان
یمن کی سرکاری فوج نے اسٹرٹیجک اہمیت کے شہر الحدیدہ کو باغیوں سے واگذار کرانے کے سلسلے میں میدان جنگ میں ایک نئی کامیابی حاصل کی ہے جس کے بعد عرب اتحاد کی حمایت یافتہ یمنی فوج الحدیدہ ہوائی اڈے کے نواح میں اپنے ٹھکانے بنانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
مغربی ساحل محاذ کے کمانڈر ابو زرعہ المحرمی نے بتایا کہ یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کار "الحدیدہ ہوائی اڈے سے چند میٹر دور رہ گئے ہیں"۔ انھیں یہ کامیابی حوثی ملیشیا کو بھاری نقصان پہنچانے کے بعد متعدد اہم مقامات کا کںڑول حاصل کرنے کے بعد ملی ہے۔
ادھر یمنی فوج کے ذرائع نے بتایا کہ عرب فوج کی حمایت یافتہ سرکاری فوج اور عوامی مزاحمت کار الحدیدہ ہوائی اڈے کے نواحی علاقے المنظر گاوں میں داخل ہو گئے ہیں۔ اس کامیابی سے قبل یمنی فوج نے الحدیدہ کے داخلی راستے میں واقع الدریھمی ڈائریکٹوریٹ اور الدوار کو حوثی ملیشیا سے پاک کرایا۔ انھی ذرائع کے مطابق سرکاری فوج باغیوں سے شدید لڑائی کے بعد ہوائی اڈے کی جانب پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
یمنی فوجی ذرائع کے مطابق سرکاری فوج اور عرب اتحادی فضائیہ کے بھرپور حملوں کے بعد حوثی ملیشیا مغربی ساحلی محاذ میں اپنے متعدد ٹھکانے چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ اس کارروائیوں میں انھیں اعلی فیلڈ کمانڈروں کی ہلاکت سمیت بھاری جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا۔
#الحديدة مواجهات عصر اليوم pic.twitter.com/kQsUPeZGsN
— نبيل القعيطي (@abelquaety) June 14, 2018
عسکری ذرائع کے مطابق یمنی فوج کی انجینئرنگ کور حوثیوں کی طرف سے اندھا دھند بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے لئے تیزی سے کام کر رہی ہے۔ باغیوں نےعوامی مزاحمت کاروں اور سرکاری فوج کی میدان جنگ میں پیش قدمی روکنے کے لئے بارودی سرنگیں بچھائیں۔
الحدیدہ کو باغیوں کے قبضے سے چھڑانے کی خاطر یمن کی قومی فوج نے دوسرے روز بھی میدان جنگ میں تیزی سے پیش قدمی جاری رکھی۔ اس سارے عمل میں انھیں عرب اتحادی فوج کا مکمل تعاون اور حمایت حاصل ہے۔