.

سعودی ولی عہد کا الدرعیہ کا دورہ ، فارمولا ای پراں ریس کے انتظامات کا جائزہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے الدرعیہ کا دورہ کیا ہے اور وہاں فارمولا ای پراں ریس کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے اور ٹریک کا معائنہ کیا ہے۔یہاں آج جمعرات سے اے بی بی ایف آئی اے فارمولا ای چیمپیئن شپ کے پانچویں سیزن کے کار دوڑ مقابلے شروع ہورہے ہیں۔ یہ کار ریس پہلی مرتبہ مشرقِ اوسط میں منعقد ہورہی ہے۔

الدرعیہ کا ٹریک 2495 میٹر لمبا ہے اور اس میں 21 موڑ ہیں۔یہاں نئے ڈرائیور نئی کاروں کے ساتھ اور نئے قواعد و ضوابط کے تحت کار دوڑ کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

اس کار دوڑ میلے میں 11 فارمولا ای ٹیمیں شریک ہورہی ہیں اور وہ اس مقابلے میں پہلی مرتبہ جین 2 کاریں استعمال کریں گی۔

اے بی بی ایف آئی اے فارمولا ای چیمپیئن شپ کے منتظمین کے مطابق اس تین روزہ میلے میں موسیقی اور فن کی دنیا کے عالمی سطح کے فن کار اور بینڈ اپنے فن کے جوہر دکھائیں گے اور حاضرین کو محظوظ کریں گے۔ان میں اینرق اگلیسیاس ، عمرو دیاب ، پاپ بینڈ بلیک آئیڈ پیاس ، جیسن ڈیرلو ، ون ری پبلک اور سپر اسٹار ڈی جے اور پروڈیوسر ڈیوڈ گیٹا شامل ہیں۔

ان کے علاوہ دیگر بھی رنگا رنگ پروگرام ہوں گے جن میں سعودی عرب کی علاقائی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔ اونٹ دوڑ ہوگی، قصہ خوانی کی مجلسیں بر پا ہوں گی۔ روایتی اور جدید موسیقی کی محفلیں ہوں گی۔بڑھئی اور مصور اپنے فن پاروں کی نمائش کریں گے۔