.

کیلی فورنیا میں یہودی معبد پر حملے میں خاتون ہلاک، حملہ آور گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر فائرنگ کے نتیجہ میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہے جبکہ راہب سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق ایک 19 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کا نام 'جان ارنسٹ' بتایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہودی معبد میں تقریب جاری تھی اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ واقعے میں ہلاک ہونے والی خاتون کا نام 'لوری کے' بتایا جا رہا ہے جس کی عمر 60 سال ہے۔

سین ڈیاگو پولیس کے آفیسر بل گورے کے مطابق حملہ آور نے جائے وقوعہ سے فرار کے کچھ دیر بعد 911 پر رابطہ کر کے خود واقعے کی اطلاع دی۔ جس کے بعد پولیس نے پیچھا کر کے اسے گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق گرفتاری کے دوران ملزم کود کر اپنی گاڑی سے باہر آیا ہاتھ اُوپر کئے اس موقع پر گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر رائفل بھی موجود تھی۔ پولیس نے بتایا کہ راہب سمیت تین افراد کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کو نفرت آمیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہمدردیاں واقعے میں متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں۔ ہم اس واقعے کی تہہ تک جائیں گے۔

پولیس کے مطابق ملزم کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس امکان کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ کہیں یہ ملزم نیوزی لینڈ واقعے میں ملوث ملزم سے متاثر تو نہیں تھا۔ یاد رہے چھ ماہ قبل سینٹ پیٹس برگ میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر ہونے والے حملے میں بھی 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔