.

کیا امریکا بھی الاخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دے گا؟

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی قومی سلامتی کی ٹیم اور خطے میں ہم خیال لیڈروں سے اس معاملے پر مشاورت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ مصر کی قدیم مذہبی وسیاسی، مگر کالعدم جماعت الاخوان المسلمون کو ایک غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر کام کررہی ہے۔اس کے بعد یہ مصری تحریک امریکی پابندیوں کی زد میں آجائے گی۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارہ سینڈرس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ صدر ( ٹرمپ) نے اپنی قومی سلامتی کی ٹیم اور خطے میں اپنے ہم خیال لیڈروں سے اس موضوع پر مشاورت کی ہے۔اب الاخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے داخلی سطح پر کام جاری ہے‘‘۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے مننگل کے روز شائع شدہ ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ’’مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے 9اپریل کو واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے موقع پر الاخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا‘‘۔اس ملاقات کے بعد ٹرمپ نے اپنے مہمان السیسی کو ایک ’’ عظیم صدر‘‘ قراردیا تھا۔

واضح رہے کہ عبدالفتاح السیسی نے مسلح افواج کے سربراہ کی حیثیت سے جولائی 2013 میں الاخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے ملک کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور اس کے ردعمل میں احتجاج کرنے والے اسلام پسندوں کے خلاف کئی ماہ تک سخت کریک ڈاؤن کیا تھا۔اس کے ایک سال بعد عبدالفتاح السیسی پہلی مرتبہ ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے ۔