اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق اس کے دو جنگی طیارے اس وقت فضا میں لڑنے کے لیے تیرنے لگے جب اطلاع ملی کہ ایک مسافر طیارے کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ یہ اسرائیلی لڑاکا طیارے اس مبینہ اغوا شدہ طیارے کو بچانے کے لیے اڑے مگر بعد میں معلوم ہوا کہ مسافر طیارے کے اغوا ہو جانے کی اطلاع ہی غلط تھی۔
یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا ۔ طیارے کا تعلق پولینڈ سے تھا ، اس کی پائلٹ نے غلطی سے طیارے کے اغوا ہو جانے کی اطلاع دینے کا بٹن دبا دیا۔ یورپی حکام کے مطابق پائلٹ نے ایسا غلطی سے کر دیا تھا۔
پولش ایئر لائنز کی پرواز بلغاریہ کی ایک کمپنی الیکٹرا ایئر ویز کے انتظام میں تل ابیب کے لیے وارسا سے روانہ ہوئی تھی۔ لیکن ابھی یہ راستے میں تھی کہ اس کے عملے کے رکن کی غلطی سے یہ اطلاع کنٹرول روم کو مل گئی کہ جہاز اغوا کر لیا گیا ہے۔ یہ بات ایئر لائنز کے ترجمان نے 'اے ایف پی' کو بتائی ہے۔
بلغاریہ کی وزارت دفاع کے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے فضا میں موجودگی کے دوران جہاز نے اپنے براڈ کاسٹ کے نظام سے نیچے غلط پیغام بھیجا تھا اور کوڈ 7500 جاری کر دی گیا تھا۔ جس کا مطلب حادثاتی طو پر طیارے کا مشکل میں گرفتار ہوجانا یا اغوا ہو جانا لیا جاتا ہے۔
اس غلط اطلاع پر صوفیہ میں بلغارین وزارت دفاع نے بھی اپنا ایک جنگی طیارہ 'مگ 29' فضا میں اس مبینہ اغوا کیے گئے طیارے کے بچاؤ کے لیے روانہ کر دیا۔ یہ طیارہ بلغاریہ کی حدود میں مسافر طیارے کی حفاظت پر مامور رہا۔
اسی دوران مسافر طیارے کا روٹ تبدیل کر دیا گیا اور بلغاریہ میں ہی واپس مڑنے کا کہہ دیا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے اس کے دو جنگی طیارے فضا میں پہنچ گئے تھے اور ممکنہ طور پر کسی بھی صورت حال کے لیے تیار تھے۔ تاکہ بحر متوسط پر اڑنے والے مسافر طیارے کی مدد کر سکیں۔ لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ سیکیورٹی سے متعلقہ کوئی بھی تشویش ناک بات نہیں تھی۔
تاہم وارسا میں ایئرپورٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اس صورت حال میں کوئی کارروائی کرنے کی وجہ نہیں ہے۔ بلغاریہ کی ایئر لائن نے بھی اسے پائلٹ کی غلطی قرار دیا ہے۔ جس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔