افریقی ملک نمیبیا میں خشک سالی،ایک ہزار جانور فروخت کے لیے پیش کر دیے
براعظم افریقا کے جنوب مغرب میں واقع ملک نمیبیا میں مسلسل خشک سالی کے بعد مئی سے ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
نمیبیا کی وزارت ماحولیات نے جنگی جانوروں کے بچاؤ کے لیے فنڈ جمع کرنے کی مہم شروع کی ہے اور ایک ہزار کے قریب جنگلی جانوروں کو فروخت کے لیے بھی پیش کیا ہے۔ جنگلی حیات کی تحفظ کے لیے اب تک دس لاکھ ڈالر کی رقم جمع کی جا چکی ہے۔
خیال رہے کہ نمیبیا گذشتہ کئی برسوں سے خشک سالی کی بدترین لہر ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایسی خشک سالی گذشتہ 59 سے 90 سال کے درمیان نہیں دیکھی گئی۔
نمیبیا کی وزارت ماحولیات کے ترجمان رومیو میونڈا کا کہنا ہے ’’کہ حکومت جنگلی حیات کے بچاؤ اور تحفظ کے لیے ایک ہزار قسم کے جنگلی جانوروں کو فروخت کرنے کا سوچ رہی ہے تاکہ ان جانوروں کے بدلے میں حاصل ہونے والی رقم سے سیر گاہوں میں موجود جنگلی حیات کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ بارشیں نہ ہونے کے باعث ملک میں سبزہ اور گھاس ختم ہو چکی ہے۔ گذشتہ برس اپریل میں جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ نمیبیا میں سال 2018ء کے دوران خشک سالی کے باعث 63 ہزار 600 جانور متاثر ہوئے۔
برائے فروخت جانوروں میں 600 بھینسیں، 60 زرافے، 28 ہاتھی اور سیکڑوں دوسرے جانور شامل ہیں۔ ان کے بدلے میں 11 لاکھ ڈالر کی رقم حاصل ہو گی جسے مُلک میں موجود باقی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔