کرکٹ ورلڈ کپ : بھارت کا خواب چکناچور ،نیوزی لینڈ فائنل میں!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

بھارت کا عالمی کپ کرکٹ ٹورنا منٹ کا فائنل میچ کھیلنے کا خواب چکنا چور ہوگیا ہے اور اس کوپہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شکست سے دوچار کردیا ہے۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان عالمی کپ ٹورنا منٹ کا پہلا سیمی فائنل برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں اولڈ ٹریفورڈ کے میدان میں کھیلا گیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 239 رنز بنائے تھے اور بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم پچاسویں اوور میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔نیوزی لینڈ کے باؤلر میٹ ہینری کو ان کی شاندار گیند بازی پر سیمی فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ انھوں نے 37 رنز کے عوض بھارت کے تین اسٹار بلے بازوں کو آؤٹ کیا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے سیمی فائنل میچ میں مایوس کن کھیل پیش کیا ہے اور اس کے چار کھلاڑی ابتدائی دس اوورز ہی میں آؤٹ ہو کر پویلین کو لوٹ گئے تھے۔بھارتی اوپنر روہیت شرما ، کے ایل راہول اور کپتان ویرات کوہلی صرف ایک ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔چار اوورز میں بھارت نے تین وکٹ کے نقصان پر صرف پانچ رن بنائے تھے۔

اس ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بھارت کے بلے باز روہیت شرما دوسرے ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے تھے۔دنیش کارتھیک دسویں اوور میں نیوزی لینڈ کے باؤلر میٹ ہینری کا شکار بنے۔ انھیں جیمز نیشم نے ایک ہاتھ سے خوب صورت انداز میں کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔

اس کے بعد بھارتی بلے بازوں نے دھیرے دھیرے رنز میں اضافہ کرنا شروع کردیا مگرتیئسویں اوور میں ریشابھ پینٹ آؤٹ ہوگئے۔اس وقت بھارت کا پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 71 اسکور تھا۔انھیں سانٹنر نے آؤٹ کیا ۔نیوزی لینڈ کے اسی باؤلر نے اکتیسویں اوور میں ہردیک پانڈیا کو بھی آؤٹ کردیا۔

بھارت کی جانب سے ایم ایس دھونی اور رویندرا جدیجا نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ان کے درمیان شراکت میں 116 رنز بنے۔ تب بھارت کے عالمی کپ کے فائنل میں پہنچنے کی موہوم سی امید پیدا ہوئی تھی۔جدیجا نے 58 گیندوں پر 77 رنز بنائے ۔ان کی جارحانہ انداز میں بلے بازی سے بھارت پر دباؤ میں کمی واقع ہوئی تھی لیکن وہ اپنی ٹیم کو جتوانے میں ناکام رہے اور اڑتالیسویں اوور میں آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد ایم ایس دھونی بھی 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔بھارت کے باقی کھلاڑی رنز میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور پچاسویں اوور میں پوری ٹیم 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اولڈ ٹریفورڈ میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا سیمی فائنل دو روز میں مکمل ہوا ہے۔اس مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنا منٹ کے منتظمین نے ایک دن میں بارش یا کسی اور وجہ سے میچ مکمل نہ ہونے کی صورت میں سیمی فائنل اور فائنل میچ کے لیے دو دو دن مختص کیے ہیں ۔

نیوزی لینڈ نے منگل کو پہلے روز پانچ وکٹ کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے لیکن تیز بارش کی وجہ سے سینتالیسویں اوور کی پہلی گیند کے بعد کھیل روک دیا گیا تھا۔ بدھ کو اس کے بلے بازوں نے باقی تین اوور اور پانچ گیندوں پر مزید 28 رنز بنائے تھے اور اس کے مزید تین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 239 رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا اب لندن کے تاریخی میدان لارڈز میں 14 جولائی کو آسٹریلیا اور برطانیہ کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے مقابلہ ہوگا۔ان دونوں ٹیموں کے درمیان ے درمیان ایجبسٹن میں جمعرات کو دوسرا سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری مرتبہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنا منٹ کے فائنل میں پہنچی ہے مگر وہ ابھی تک کرکٹ کی عالمی چیمپئن نہیں بن سکی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں