یمن: جنرل مائیکل لولزگارڈ رواں ماہ کے اواخر میں رخصت ہو جائیں گے
العربیہ کو باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اقوام متحدہ کا جنرل سکریٹریٹ ایک بار پھر جلد ہی الحدیدہ میں نئی صف بندی کی کمیٹی کے سربراہ جنرل مائیکل لولزگارڈ کے متبادل کی تلاش میں ہو گا۔ لولزگارڈ رواں ماہ کے اواخر میں اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
اس حوالے سے کئی نام زیر غور ہیں تاہم اس وقت اس منصب کو سنبھالنے کے لیے بہترین آپشن ایک کیوی جنرل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مائیکل لولزگارڈ اپنے منصب سے رخصت ہو کر ڈنمارک واپس جائیں گے جہاں وہ اپنے ملک کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کا عہدہ سنبھالیں گے۔
الحدیدہ میں ازسر نو صف بندی کی رابطہ کار اقوام متحدہ کی کمیٹی میں یمنی حکومت کی ٹیم کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے پیر کے روز لولزگارڈ کی سربراہی میں اپنی کارروائی کے اختتام پر متفقہ طریقہ کار کے تحت پہلے مرحلے پر عمل درامد پر اتفاق کیا ہے۔
یمنی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’سبا‘ کے مطابق حکومت کی ٹیم کے سربراہ میجر جنرل صغیر بن عزیز نے بتایا کہ یہ اجلاس الحدیدہ شہر کے مقابل سمندر میں اقوام متحدہ کے ایک بحری جہاز پرا منعقد ہوا۔
ادھر عالمی سلامتی کونسل نے پیر کے روز یمن کے شہر الحدیدہ میں فائر بندی کے نگراں مشن کے کام کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع متفقہ طور پر منظور کر لی۔ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے مطالبہ کیا کہ مشن کے افراد کی تعداد جلد از جلد پوری کی جائے۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال کے اختتام پر سلامتی کونسل کی جانب سے جاری قرار داد کی بنیاد پر مذکورہ نگراں مشن کے افراد کی مجموعی تعداد 75 مقرر کی گئی تھی ... تاہم ان میں صرف 20 افراد اس وقت یمن میں اپنی ذمے داری انجام دے رہے ہیں۔