ملائیشیا کے سابق سلطان کی مطلقہ اپنے بچے کا DNA ٹیسٹ کرانے کے لیے تیار
روس کی 27 سالہ سابقہ ملکہ حسن اوکسانا ویویڈینا نے ملائیشیا کے سابق بادشاہ سلطان محمد پنجم سے اپنی طلاق کے حوالے سے تفصیلات کا انکشاف کیا ہے۔
برطانوی اخبار "ڈیلی میل" کے مطابق اوکسانا کا کہنا ہے کہ سلطان محمد پنجم نے انہیں انٹرنیٹ کے ذریعے طلاق دی۔ اوکسانا کا کہنا ہے کہ اس کے سابق شوہر گذشتہ دسمبر میں اسے چھوڑ کر چلے گئے تھے جس کے بعد سے اوکسانا کی سلطان سے کوئی ملاقات یا بات چیت نہیں ہوئی۔
روسی حسینہ کے مطابق ان کا اور سلطان کا بیٹا لیون مکمل طور پر اپنے باپ سے مشابہت رکھتا ہے ... اور اوکسانا اس حوالے سے بچے کا ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کے لیے بھی تیار ہے۔
واضح رہے کہ سلطان کی جانب سے یہ دعوی کیا گیا ہے کہ مذکورہ بچہ اُن کا نہیں ہے۔
اپنی گفتگو میں اوکسانا نے سابق شوہر سے جو فارس کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں ،،، اپیل کی ہے کہ وہ اس کے بیٹے لیون کے والد ہوں۔ اوکسانا کا کہنا تھا "فارس جاگیں ! آپ کا ایک بیٹا ہے ، آپ ایک باپ ہیں ، آپ شاہی خاندان سے ہیں.. تمام باتوں سے قطع نظر میں یہ چاہتی ہوں کہ میرے بیٹے کے دونوں والدین ہوں لہذا آپ اپنے بیٹے کے لیے سوچیں"۔
روسی حسینہ کے مطابق دسمبر میں کوچ کر جانے کے بعد اس کے شوہر واپس نہیں آئے۔ بعد ازاں اسے انٹرنیٹ کے ذریعے اپنی طلاق کا انکشاف ہوا۔ وہ نہیں جانتی کہ اصل حقیقت کیا ہے کیوں کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا۔ وہ دونوں اپنی پہلی اولاد کی توقع کر رہے تھے۔ اوکسانا ابھی تک اس (طلاق کے) معاملے کی حقیقی وجہ سمجھنے سے قاصر ہے۔
اوکسانا ویویڈینا نے 2015 میں ہونے والے مقابلہ حسن میں "مِس ماسکو" کا ٹائٹل جیتا تھا۔