جوہری معاہدے کی خلاف ورزیاں بند، ایران تمام شرائط کی مکمل پاسداری کرے: یورپ
یورپی یونین کے تین ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایران پر زوردیا ہے کہ وہ جوہری معاہدے کی مکمل پاسداری کرے۔ان کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ اب بھی یورپی اور علاقائی سلامتی کے لیے بہت اہم ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق فرانس ، برطانیہ اور جرمنی کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے اور اس میں تینوں ممالک نےدو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا 'فردو' جوہری پلانٹ میں یورینیم افزدوگی دوبارہ شروع کرنا گہری تشویش کا باعث ہے۔ تینوں ممالک نے ایران سے معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے یورینیم افزدوگی بند کرنے پرزور دیا ہے۔
انہوں نے مشترکہ بیان میں ایران سے جوہری معاہدے کی نفی میں تمام اقدامات سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ فردو جوہری پلانٹ میں یورینیم کی افزودگی کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
قبل ازیں 'آئی اے ای اے' نے پیر کو اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ایران نے جوہری معاہدے کی متعدد شرائط سے تجاوز کیا ہے۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے مطابق ایران یورینیم کی افزودگی کی سطح، افزودہ یورینیم کے ذخیرے اور جدید سینٹری فیوجز سے افزودگی کرکے معاہدے کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ ایران اب تک چار اعشاریہ پانچ فی صد یورینیم صاف کرچکا ہے جب کہ معاہدے میں یہ شرح تین اعشاریہ 67 تھی۔
'آئی اے ای اے' نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا کہ "آئی اے ای اے" نے ایک انسانی ذریعے سے ایران کے کسی نامعلوم مقام پر قدرتی یورینیم کے نشانات تلاش کیے ہیں۔
آئی اے ای اے نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ ایران نے اپنی زیر زمین فردو تنصیب میں یورینیم کو افزودہ کرنا شروع کردیا ہے۔اس طرح اس نے چھے عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ سمجھوتے کی ایک اور شرط کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے۔
آئی اے ای اے نے اپنی اس سہ ماہی رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ ایران کے پاس افزودہ یورینیم کے ذخائر اور مصفا یورینیم سمجھوتے کی تحدیدات سے زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے گذشتہ بدھ کو فردو میں واقع زیر زمین جوہری پلانٹ میں سینٹری فیوجز میں یورینیم گیس کا دخول شروع کیا تھا۔وہ 2015ء میں چھے عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے کے تحت سینٹری فیوجز میں گیس داخل نہ کرنے کا پابند ہے۔فردو پلانٹ میں اس سرگرمی کے بعد وہ جوہری سمجھوتے کی ایک اور شق کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جدید اور اپ گریڈ شدہ سینٹری فیوجز سسٹم لگایا ہے، آئی آر بی 8، آئی آر بی 9، آئی آر ایس اور آئی آر ایس ایم او شامل ہیں جب کہ حال ہی میں ایران نے آئی آر،6 کا ایک نیا سسٹم بھی لگایا ہے۔
ایران نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ وہ یورینیم کو 5 فیصد تک افزودہ کررہا ہے۔ اور یہ اس کا جوہری سمجھوتے کی خلاف ورزی میں چوتھا اقدام ہے۔امریکا گذشتہ سال یک طرفہ طور پر اس معاہدے سے دست بردار ہوگیا تھا۔