.

یو اے ای میں ٹریول ایجنٹ غیرملکیوں کو سعودی عرب کےسفری ٹکٹ دینے سے انکاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں ٹریول ایجنٹوں نے کرونا وائرس پھییلنے کے خدشے کے پیش نظر سعودی شہریوں کے سوا کسی بھی دوسرے فرد کو سعودی عرب کے سفری ٹکٹ جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔

امارات ائیرلائنز نے بھی سعودی عرب کی وزارت برائے خارجہ امور کی ہدایات کی روشنی میں مملکت جانے والی پروازوں میں دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو سوار کرنے پر پابندی عاید کردی ہے۔

متحدہ عرب امارات کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے العربیہ کو بتایا ہے کہ یو اے ای نے صرف ایران کے لیے پروازوں پر پابندیاں عاید کی ہیں اور بیرون ملک جانے والی پروازوں سے متعلق دوسری تحدیدات جائے منزل ملک کی جانب سے جاری کی گئی ہیں۔

قبل ازیں جمعرات کی صبح سعودی عرب نے مکہ مکرمہ میں عمرہ اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کے لیے آنے والے افراد کا مملکت میں داخلہ عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس کے علاوہ سعودی عرب نے محکمہ صحت کے حکام کی سفارشات کی روشنی میں جن ممالک میں کرونا وائرس پھیلنے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، وہاں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کوعارضی طور پر سیاحتی ویزوں کے اجرا پر بھی پابندی عاید کردی ہے۔

متحدہ عرب امارات نے اب تک کرونا وائرس کے تیرہ کیسوں کی اطلاع دی ہے۔ان میں تین زیر علاج رہنے کے بعد تن درست ہوچکے ہیں جبکہ دو کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔