عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے کویت میں مہلک کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہا ہے۔
کویت نے کرونا وائرس کے پینتالیس کیسوں کی تصدیق کی ہے،ان میں سے زیادہ تر نے حال ہی میں ایران کا سفر کیا تھا اور ان کی وطن واپسی پر کرونا کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
کویت نے کروناوائرس کے ان کیسوں کی تصدیق کے بعد سے ایران کے ساتھ اپنی سرحد بند کردی ہے اور وہاں سے اپنے تمام شہریوں کو نکال لیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی ایک ٹیم اس وقت کویت کے دورے پر ہے۔ وہ کویتی حکومت کے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے،اس کا شکار مریضوں کے علاج اور غیر متاثرہ شہریوں اور مکینوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے حکام کویت میں اس اسپتال کا بھی دورہ کریں گے جہاں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کو الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔وہاں ٹیم طبّی عملہ کی کارکردگی کا جائزہ لے گی کہ آیا وہ عالمی ادارے کی سفارشات پر عمل درآمد کررہا ہے۔
کویت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
دریں اثناء کویت کی وزارت صحت کی ایک اعلیٰ عہدہ دار نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ کرونا وائرس سے متاثرہ تمام افراد کی صحت بہتر اور مستحکم ہے،طبی ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم ان کی نگرانی کررہی ہے اور انھیں ضروری طبی امداد دے رہی ہے۔‘‘