.

ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 92 ہوگئی، 586 نئے کیس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 92 ہوگئی ہے اور اس مہلک وائرس سے متاثرہ 586 نئے کیس آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 2922 ہوگئی ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور نے بدھ کو دارالحکومت تہران میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں اورمتاثرین کے یہ نئے اعداد وشمار جاری کیے ہیں۔

نئے کیس سامنے آنے کے بعد مشرق اوسط بھر میں اب متاثرہ افراد کی تعداد 3140 ہوگئی ہے۔خطے کے دوسرے ممالک میں اس نئے وائرس کا شکار ہونے والے افراد کا کسی نہ کسی طرح ایران ہی سے تعلق ہے۔ انھوں نے ایران کا سفر کیا تھا یا وہاں سے لوٹنے والے افراد سے گھلنے ملنے کی وجہ سے اس مہلک وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

ایران میں اس مہلک وائرس سے بعض اعلیٰ حکومتی عہدے دار اور شیعہ مذہبی اشرافیہ کے سرکردہ رہ نما بھی متاثر ہوئے ہیں۔ان میں ایران کی نائب صدر برائے خواتین اور عائلی امور معصومہ ابتکار بھی شامل ہیں۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے گذشتہ ہفتے قُم میں ایک عالم اور سابق سفیر ہادی خسرو شاہی کی کرونا وائرس سے موت کی اطلاع دی تھی۔

ماہرین اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ ایران اس مہلک وائرس کا شکار ہو کر مرنے والوں اور متاثرین کے درست اعداد وشمار جاری نہیں کررہا ہے۔

واضح رہے کہ چین کے وسطی شہر ووہان میں دسمبر کے آخر میں یہ مہلک وائرس پھیلا تھا اور اس نے چند ہی ہفتوں میں ہزاروں افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔اب تک چین سمیت دنیا کے 60 سے زیادہ ممالک میں اس وائرس سے 3200 سے زیادہ افراد مارے جاچکے ہیں اور 93 ہزار سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ان میں 50 ہزار کے لگ بھگ علاج کے بعد تندرست ہوچکے ہیں۔