متحدہ عرب امارات کے حکام نے امارات ائیرلائنز کو 6 اپریل سے محدود پیمانے پر پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
یو اے ای کی ملکیتی فضائی کمپنی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو شیخ احمد بن سعیدآل مکتوم نے جمعرات کو ٹویٹر پر یہ اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ ان پروازوں کے ذریعے ابتدا میں صرف یو اے ای سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کو سوار کیا جائے گا اور بہت جلد اس کی تفصیل کا اعلان کیا جائے گا۔
Emirates has received approval from UAE authorities to start flying a limited number of passenger flights. From 06 April, these flights will initially carry travellers outbound from the UAE. Details will be announced soon. 1/2 pic.twitter.com/fnhLxQanIM
— HH Sheikh Ahmed bin Saeed Al Maktoum (@HHAhmedBinSaeed) April 2, 2020
امارات کے چیف آپریٹنگ آفیسر عادل احمد الرضا نے العربیہ کو ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ شروع میں دس سے پندرہ پروازیں چلائی جائیں گی لیکن اس کا انحصار ہوائی اڈوں سے ملنے والی اجازت اور مسافروں کی تعداد پر ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ ان پروازیں کے ذریعے یو اے ای میں مکین افراد اور سیاحوں کو ان کے آبائی ممالک میں منتقل کیا جائے گا۔
انھوں نے مزید بتایا ہے کہ فی الحال لندن ، فرینکفرٹ ، پیرس ، زیورخ ، برسلز اور دوسرے شہروں کے لیے اجازت ملنے پر پروازیں چلائی جائیں گے۔یہ مسافر طیارے صرف دبئی کے ہوائی اڈے سے اڑان بھریں گے لیکن ان کے ذریعے بیرون ملک سے مسافروں کو واپس نہیں لایا جائے گا کیونکہ امارات میں بدستور سفری پابندیاں عاید ہیں۔
واضح رہے کہ یو اے ای نے کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 24 مارچ کو تمام مسافر پروازوں کی ملک میں آمد ورفت پر پابندی عاید کردی تھی۔
کرونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 9 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 47 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔اس وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے دنیا کے ملکوں نے اپنی زمینی اور فضائی سرحدیں بند کررکھی ہیں جس کی وجہ فضائی کمپنیوں نے اپنی پروازیں معطل کردی ہیں اور طیارے کھڑے کردیے ہیں۔
کرونا وائرس سے بین الاقوامی فضائی صنعت بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔دبئی حکومت نے منگل کے روز امارات ائیر لائنز کو اس مہلک وائرس کے مُضر معاشی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے امدادی رقوم مہیا کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یو اے ای میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد آٹھ اور متاثرہ کیسوں کی تعداد 814 ہوچکی ہے۔ان میں61 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔