سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلز سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے انکی صحت دریافت کی- برطانوی ولی عہد حال ہی میں’ نئے کرونا وائرس‘ سے متاثر ہوئے تھے - وہ 14 دن قرنطینہ میں رہ کر صحت یاب ہو گئے ہیں-
ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں شاہ سلمان اور شہزادہ چارلز نے سعودی عرب اور برطانیہ کے دوستانہ تعلقات کو ماضی کی طرح مستقبل میں بھی مضبوط بنائے رکھنے کا عزم ظاہر کیا-
شہزادہ چارلز نے مزاج پرسی کے لیے رابطہ کرنے اور دوستانہ جذبات کےاظہار پر شاہ سلمان کا شکریہ ادا کیا جبکہ پروازوں پر پابندی سے قبل مملکت میں موجود برطانیہ کے سیاحوں اور عمرہ زائرین کی منتقلی کے سلسلے میں تعاون پر سعودی عرب کے لیے قدر ومنزلت کا اظہار کیا-
برطانوی ولی عہد نے شاہ سلمان کے زیر قیادت جی 20 کے ہنگامی سربراہ اجلاس کے انعقاد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مملکت نے یہ اقدام کرکے نئے کرونا وائرس کے پھیلنے سے دنیا بھر میں پیدا ہونے والے مسائل کم کرنےکی قابل قدر کوشش کی ہے۔