متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس سے متاثرہ کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔منگل کے روز وزارت صحت نے 783 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اس مہلک وائرس کا شکار مزید دو افراد وفات پا گئے ہیں۔
یو اے ای میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد 19661 ہوگئی ہے اور اب تک 203 افراد وفات پاچکے ہیں۔
یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے وزارتِ صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ نئے کیسوں کا تعلق مختلف قومیتوں سے ہے۔
یو اے ای میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں میں نرمی کے بعد سے نئے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
وزارتِ صحت کی ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحسنی نے لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ شاپنگ مال اور ریستوران دوبارہ کھلنے کے باوجود حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ان کا کہنا ہے کہ رمضان میں عوام کی نقل وحرکت پر عاید پابندیوں میں جزوی طور پر نرمی کردی گئی ہے لیکن اس کے باوجود وہ سماجی فاصلہ اور صحت سے متعلق رہ نما ہدایات پر عمل کریں۔
Dr. Al Hosani: We remind you to continue to follow social distancing guidelines and wear face masks when dealing with people at higher risk from coronavirus (COVID-19), including older people and people with health conditions. #UAEGov
— UAEGov (@uaegov) May 11, 2020
یو اے ای نے جزوی طور پر لاک ڈاؤن اور کرفیو کی پابندیوں میں نرمی کی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ٹیسٹوں کی صلاحیت اور ان کے دائرہ کار میں اضافہ کردیا ہے۔وزارتِ صحت نے منگل کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں 32 ہزار سے زیادہ افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے ہیں اور ان میں سے نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔