مکہ مکرمہ: اس مرتبہ خطبۂ حج اُردو سمیت 10 زبانوں میں نشر ہوگا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی حکومت نے اس مرتبہ خطبۂ حج کا اردو سمیت دس زبانوں میں ترجمہ نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الحرمین الشریفین کے امورکی ذمے دار پریذیڈینسی کے سربراہ الشیخ عبدالرحمٰن السدیس نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اسلام کا پیغام پوری دنیا میں موجود مسلمانوں تک پہنچانے کے لیے خطبۂ حج دس عالمی زبانوں میں نشر ہوگا۔

Advertisement

الشیخ عبدالرحمٰن السدیس نے بتایا ہے کہ امسال اردو، انگریزی، فارسی، بنگلہ، ترکی، فرانسیسی، چینی، روسی، ہاؤسا اور مالے زبان میں خطبۂ حج نشرہوگا۔ گذشتہ سال خطبۂ حج کا ترجمہ پانچ زبانوں میں نشر ہوا تھا۔

سعودی عرب نے جون میں اس سال کرونا وائرس کی وَبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔ سعودی حکام کے مطابق اس مرتبہ صرف 10 ہزار عازمین کرام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ان کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا ہے۔

ان میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہے اور 30 فی صد سعودی شہری ہیں۔ان منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ہے۔وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں الگ الگ کمروں میں مقیم رہیں گے۔

حج اسلام کا پانچواں رکن ہے اور یہ ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔گذشتہ سال پچیس لاکھ سے زیادہ فرزندانِ توحید نے فریضۂ حج ادا کیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں