چینی صدر شی جین پِنگ نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ کو ہمدردی کا پیغام بھیجا ہے اور کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
چین کے سرکاری ٹیلی ویژن کی ویب سائٹ پر صدر شی کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام یہ پیغام نقل کیا گیا ہے:’’میں اور میری بیوی پنگ لی یوآن آپ اور آپ کی اہلیہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور آپ کی جلد صحت یابی کے خواہاں ہیں۔‘‘
دریں اثناء امریکی صدر نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ان کی صحت بہتر ہے۔انھوں نے کووِڈ-19 کی وَبا کے خلاف جنگ میں امریکا کے طبی عملہ اور اسپتالوں کی خدمات کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں اس وقت شدید سرد مہری پائی جارہی ہے۔ان کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی ، سکیورٹی ، چین کے ہانگ کانگ پر سخت کنٹرول اور مسلم اکثریتی شمال مغربی صوبہ سنکیانگ میں یغور مسلمانوں کے انسانی حقوق کی پامالیوں کے معاملے پرسخت اختلافات پائے جاتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے چین کو کرونا وائرس کی وَبا سے متعلق معلومات کو چھپانے اور اس کو اپنے متاثرہ علاقوں ہی میں قابو پانے میں ناکامی کا مورد الزام ٹھہرایا تھا۔وہ ماضی میں متعدد مرتبہ چین پر دنیا بھر میں کرونا وائرس کو پھیلانے کا الزام عاید کرچکے ہیں جبکہ چین ان کے مؤقف کو مسترد کرچکا ہے۔