فرانس کی خاتون اول کرونا کے ایک مصدقہ مریض سے میل جول کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت سات روز کے لیے قرنطینہ منتقل ہو گئی ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق فرانسیسی صدرعمانویل میکروں کے دفتر کا کہنا ہے خاتون اول بریگیٹ میکروں کو کرونا کے ایک متاثرہ مریض کے ساتھ میل جول کی وجہ سے سات دن کی مدت کے لیے خود سے الگ تھلگ رکھا جائے گا۔
دفتر نے بیان میں مزید کہا کہ 15 اکتوبر بہ روز جمعرات کو بریگیٹ میکروں نے ایک ایسے شخص سے ملاقات کی تھی جس کا کرونا ٹیسٹ 19 اکتوبر کو مثبت آیا اور اس پر کرونا کی مضبوط علامات موجود تھیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صحت کے حکام کی سفارشات کے مطابق وہ سات دن تک خود کو الگ تھلگ رکھیں گی۔ بریگیٹ میکروں میں اس وقت اس مرض کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔
اتوار کے روز فرانسیسی وزارت صحت نے کوویڈ 19 کے 29،837 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے اور 85 نئی اموات ریکارڈ کی گئیں۔ اس سے سال کے آغاز سے لے کر اب تک فرانس میں اس مرض کے کل کیسوں کی تعداد 897034 ہوگئی ہے جب کہ اموات کی تعداد 33،477 ہے۔