سعودی عرب: کووِڈ-19 کے 381 نئے کیسوں کی تشخیص، 436 مریض صحت یاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب نے سوموار کے روز گذشتہ 24 گھنٹے میں کروناوائرس کے 381 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار 436 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق اب مملکت میں کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 348037 ہوگئی ہے۔ان میں سے 334762 مریض تن درست ہوچکے ہیں۔

وزارت صحت نے آج کووِڈ-19 سے 17 اموات کی اطلاع دی ہے۔سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد سے اس کے5437 مریض وفات پا چکے ہیں۔

اس وقت مملکت میں کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 7928 ہے، ان میں سے 755 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

مدینہ منورہ میں گذشتہ دو ہفتے سے جاری رجحان کے مطابق آج بھی کرونا وائرس کے سب سے زیادہ 72 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں 49، دارالحکومت الریاض میں 37 اور ینبع میں 22نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ساحلی شہر جدہ میں 18 اور الہفوف میں 15نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔کرونا وائرس کے باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

سعودی عرب میں حالیہ ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں کمی واقع ہوئی ہے اور اس کے یومیہ تشویش ناک کیس بھی کم ہوتے جارہے ہیں۔وزارت صحت نے 14 اکتوبر کے بعد سے کووِڈ-19کے 500 سے کم یومیہ کیسوں کی اطلاع دی ہے اور گذشتہ چند ہفتوں سے اس مہلک وائرس کے مریضوں کی یومیہ 30 سے کم اموات ہورہی ہیں۔

سعودی عرب میں مارچ میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد اتوار یکم نومبر کو پہلی مرتبہ غیرملکی زائرین کی عمرے کے لیے آمد ہوئی ہے۔سعودی حکومت نے کرونا وائرس کے تعلق سے عاید کردہ پابندیوں میں نرمی کے تیسرے مرحلے میں اندرون اور بیرون ملک سے 20 ہزار اور 60 ہزار عازمین عمرہ کو الحرمین الشریفین میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے۔پہلے بیچ میں جدہ اور پھر مکہ مکرمہ پہنچنے والوں میں پاکستانی اور انڈونیشی زائرینِ عمرہ شامل ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے اتوار کوایک بیان میں کہا تھا کہ مملکت بھر میں عوام کی جانب سے کووِڈ-19 سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کی وجہ سے یومیہ کیسوں کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔

ترجمان نے شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہ کرنے والے تجارتی مراکز کی نشان دہی کریں تاکہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں