کرونا وائرس :امارت ابوظبی میں داخلے اور قیام کے لیے تین پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امارت ابوظبی نے کووِڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی نئی پابندی عاید کردی ہے اور متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور مکینوں کو ابوظبی میں داخل اور آٹھ روز تک یا اس سے زیادہ قیام کی صورت میں پی سی آر کے تین ٹیسٹ کرانا ہوں گے۔

ابوظبی کے میڈیا دفتر کے مطابق 8 نومبر سے امارت میں داخل ہونے کے خواہاں افراد کو کووِڈ-19 کاٹیسٹ کرانا ہوگا۔اس کا نتیجہ منفی ہونے کی صورت میں وہ 48 گھنٹے میں داخل ہوسکتے ہیں۔

Advertisement

اگر یواے ای کے شہری اور مکین مسلسل چار دن یا اس سے زیادہ عرصہ ابوظبی میں قیام کا ارادہ رکھتے ہیں تو آمد کے بعد چوتھے دن ایک اور پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔اگر وہ آٹھ دن سے زیادہ قیام کا ارادہ رکھتے ہیں تو انھیں آٹھویں روز تیسرا ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

ابوظبی میں آنے والے جو لوگ چوتھے اور آٹھویں روز پی سی آر ٹیسٹ کرانے میں ناکام رہیں گے تو ان پر جرمانہ عاید کیا جائے گا۔میڈیا دفتر کے مطابق یو اے ای میں جن رضاکاروں کو کووِڈ-19 کی ویکسین آزمائشی بنیادوں پر لگائی جارہی ہے،وہ ٹیسٹ کرانے کی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

متحدہ عرب امارات نے بدھ کو کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد بڑھنے کی اطلاع دی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے میں 1161 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار دو مریض وفات پا گئے ہیں۔ یو اے ای میں منگل کو کرونا وائرس کے ایک ہزار سے کیسوں کا اندراج کیا گیا تھا۔

یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق کووِڈ-19 کے 116083 نئے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں سے مذکورہ نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔کرونا وائرس کا شکار مزید 1493 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اب تک یو اے ای میں کووِڈ-19 کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 137310 ہوچکی ہے۔ان میں سے 134983 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں