معزول سوڈانی صدر عمر البشیر کی اِفشا ہونے والی تازہ ترین تصاویر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سوشل میڈیا پر معزول سوڈانی صدر عمر البشیر کی تازہ ترین تصاویر گردش میں آئی ہیں۔ یہ تصاویر چند روز قبل البشیر کے طبی معائنے کے دوران لی گئی تھیں۔

یاد رہے کہ معزول صدر کو طبیعت بگڑ جانے کے سبب 5 دسمبر کی صبح ام درمان میں علیاء عسکری ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ وہاں ان کے طبی ٹیسٹ ہوئے اور طبیعت سنبھل جانے کے بعد انہیں واپس کوبر جیل پہنچا دیا گیا۔

عمر البشیر کی دفاعی کمیٹی کے رکن ابو بکر ہاشم الجعلی کے مطابق معزول صدر کے معالج کو بعض ایسی علامات نظر آئی تھیں جن کے بعد اس بات کی تصدیق ضروری تھی کہ آیا البشیر کسی دیرینہ بیماری کا شکار تو نہیں۔ الجعلی کے مطابق طبی ٹیسٹوں سے ثابت ہو گیا کہ البشیر کو فشار خون کے سوا کوئی دیرینہ بیماری نہیں۔ کچھ عرصے سے معزول صدر کے دونوں پاؤں پر ورم بھی آیا ہوا ہے۔ تاہم طبی رپورٹ کا خلاصہ یہ تھا کہ عمر البشیر کو ہستپال میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔

عمر البشیر اپریل 2019ء میں اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد سے خرطوم کی کوبر جیل میں زیر حراست ہیں۔ سوڈانی ذرائع نے واضح کیا تھا کہ البشیر کی طبیعت چند روز قبل اس وقت بگڑ گئی تھی جب انہیں اپنے بھائی عبداللہ حسن احمد البشیر کی کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد وفات کی خبر ملی۔ عبداللہ البشیر بھی کوبر جیل میں ہی زیر حراست تھے۔

یاد رہے کہ عمر البشیر آخری مرتبہ 17 نومبر کو اعلانیہ طور پر نظر آئے تھے جب انہیں 1989ء میں انقلاب کی منصوبہ بندی کے الزام کے تحت اپنے ساتھیوں کے ساتھ عدالتی کارروائی کے لیے پیش کیا گیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں