.

عُمان:کووِڈ-19 کی ویکسین لگانے کی مہم کاآغاز،29 دسمبر کو سرحدیں کھولنے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خلیجی ریاست عُمان میں اتوار کو کوِوڈ-19 کی ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔سلطنت کے وزیر صحت نے سب سے پہلے فائزر کی منظور شدہ ویکسین لگوائی ہے۔

عُمان کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ فائزر کی ویکسین کی 15600 خوراکیں گذشتہ ہفتے مسقط کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی تھیں۔سب سے پہلے ضعیف العمر افراد ، طبی عملہ اور دائمی مریضوں کو ترجیحی بنیاد پرویکسین لگائی جارہی ہے۔

عُمانی حکومت کے مطابق امریکا کی دوا ساز کمپنی فائزر کی جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے تیار شدہ ویکسین کی 28 ہزار خوراکیں آیندہ ماہ مسقط پہنچ جائیں گی۔

سلطنت کی قریباً پچاس لاکھ آبادی میں سے 60 فی صد نفوس کو کووِڈ-19 سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ویکسی نیشن مہم کے ابتدائی مرحلے میں محدود سپلائی کے پیش نظر 20 فی صد آبادی کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔

عُمان میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے ایک لاکھ 28 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ان میں سے 14 سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

عُمان نے گذشتہ ہفتے برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم پھیلنے کے بعد اپنی تمام سرحدیں اور داخلی راستے ہر قسم کی آمد ورفت کے لیے بند کردیے تھے۔

دریں اثناء عُمان نے منگل 29 نومبر سے اپنی برّی ، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

عُمانی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سلطنت میں داخل ہونے کے خواہاں تمام ممالک کے شہریوں کو کووِڈ-19 کے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی لیکن یہ ٹیسٹ 72 گھنٹے پہلے کا ہونا چاہیے۔بیرون ملک سے عُمان کے کسی بھی ہوائی اڈے پر اُترنے والے افراد کا کرونا وائرس کا ایک اور ٹیسٹ کیا جائےگا۔

مقبول خبریں اہم خبریں