.

سعودی عرب: مشاعر مقدسہ کی تعمیرو ترقی کے لیے کمپنی قائم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مکہ مکرمہ اور مقامات مقدسہ کے لیے قائم رائل کمیشن نے مشاعر مقدسہ کی تعمیرو ترقی کے لیے ' کدانہ' کے نام سے ایک نئی کمپنی قائم کی ہے۔ یہ کمپنی مکہ مکرمہ اور دیگر مقدس مقامات میں تعمیراتی وترقیاتی کاموں اور ان مقامات کے تحفظ کی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ اس کمپنی کا صدر دفتر منیٰ کے مقام پر بنایا جائے گا۔

کدانہ کمپنی برائے تعمیر و ترقی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پہلا اجلاس بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ عبد اللہ بن بندر بن عبد العزیز کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں مکہ رائل کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرانجینیر عبدالرحمان عداس، نائب زیر حج ڈاکٹر عبد الفتاح مشاط ، پبلک رئیل اسٹیٹ صدر احسان بافقیہ، انجینیر خالد الملحم، وزیر خزانہ کے معاون خصوصی یاسر القہیدان، اوقاف انویسٹمنٹ کمپنی کے سی ای او ہیثم الفایز، کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حاتم بن حامد مومنہ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ مکہ معظمہ رائل کمیشن کے زیراہتمام کدانہ پہلی سرکاری کمپنی ہوگی جسے مشاعر مقدسہ کی تعمیرو ترقی اور ان کی حفاظت کے لیے ایک ارب ریال کے بجٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

کدانہ کا قیام سعودی عرب کی تعمیرو ترقی کے ویژن 2030ء کے اہداف کا حصہ ہے۔ چونکہ مملکت نے سنہ 2030ء تک مشاعر مقدسہ میں زیادہ سے زیادہ زائرین کی آمد کی گنجائش پیدا کرنے کے عزم کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت کی جانب سے مقدس مقامات میں زائرین کو مزی سہولیات کی فراہمی اور مشاعر مقدسہ میں زیادہ سے زیادہ زائرین کی گنجائش پیدا کرنے کے لیے ایسی کمپنی کی ضرورت تھی۔