.

امیدِ تحقیق: یو اے ای میں آنے والے زائرین کے پاسپورٹس پر ’’مارشن انک‘‘ کی مہر!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب میں آج منگل کے روز آنے والے غیر ملکی سیاحوں اور زائرین کے پاسپورٹس پر’’مارشن انک‘‘ کی مہر لگائی جارہی ہے۔یہ مہر یو اے ای کے مریخ پر جانے والے مشن ’’امیدِ تحقیق‘ کے اعزاز میں لگائی جارہی ہے۔

اس مہر کی عبارت میں یہ لکھاہے:’’آپ متحدہ عرب امارات میں تشریف لائے ہیں۔امارات 9 فروری 2021ء کو مریخ پر پہنچ رہا ہے۔‘‘

مریخ مشن کی یاد میں یہ مہر یو اے ای کی حکومت کے میڈیا دفتر نے دبئی ائیرپورٹس کے تعاون سے تیار کی ہے۔

اماراتی حکومت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے پروڈکشن اور ڈیجیٹل کمیونیکشن خالد الشحی نے کہا ہے کہ ’’مشن کی شاندار کامیابی کو پوری دنیا کے ساتھ منانے کے لیے ہم نے ایک خصوصی مہر تیار کی ہے اور اس کو مارشین روشنائی کے ساتھ چھاپا جارہا ہے۔ یہ مہر یو اے ای میں آنے والے تمام زائرین کے پاسپورٹس پر ایک محدود مدت کے لیے لگائی جائے گی۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’یہ مہر دنیا کی پہلی مارشن روشنائی کو استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ہے۔یہ آتش فشانی چٹانوں سے نکالی گئی ہے کیونکہ ان کی بدولت ہی مریخ کا ایک منفرد رنگ بنتا ہے۔‘‘

بیان کے مطابق ماہرین ارضیات اور سنگی ماہرین نے ان پتھروں کو یو اے ای کے مشرق میں واقع پہاڑی علاقے الحجر اور شارجہ کے علاقے ملیح سے اکٹھا کیا تھا۔اس کے بعد ان پتھروں کو باریک پیس کر سورج کی روشنی میں خشک کیا گیا تھا اور سُرخ سیارے کے تین مختلف رنگ پیدا کرنے کے لیے لیس دار مواد اس میں ملایا گیا تھا۔