عرب اتحاد کی بروقت کارروائی؛یمن سے حوثی باغیوں کا الریاض پرداغا گیا بیلسٹک میزائل تباہ
سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے ہفتے کی شب یمن سے حوثی شیعہ باغیوں کا الریاض کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کردیا ہے۔
عرب اتحاد نے بیلسٹک میزائل کے اس حملے سے قبل ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے بارود سے لدے ایک ڈرون کو بھی فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا ہے۔
Watch: Videos show the moment anti-missile defense systems intercepted a ballistic missile launched by the #Iran-backed #Houthis targeting Saudi Arabia's capital #Riyadh.https://t.co/JmIn8NhRdO pic.twitter.com/NQ6Pqb7DUe
— Al Arabiya English (@AlArabiya_Eng) February 27, 2021
سعودی دارالحکومت الریاض پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل کے اس حملے کو ناکام بنانے کے بعد عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ یمن کی صورت حال کو مانیٹر کررہا ہے اور وہ حوثیوں کی میزائل اور ڈرون داغنے کی کارروائیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا نے ہفتے کی شب بارود سے لدے متعدد ڈرون سعودی عرب کی جانب چھوڑے ہیں۔ان میں سے ایک سعودی شہر جازان کی جانب آرہا تھا مگر اس کو کسی ہدف پر گرنے سے قبل ہی سراغ لگا کر تباہ کردیا گیا ہے۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں نے سعودی عرب اور یمن میں قانونی حکومت کی عمل داری والے علاقوں پرحالیہ دنوں میں ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے تیز کررکھے ہیں۔عرب اتحاد نے حوثیوں کے الریاض کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل سے قبل گذشتہ 24 گھنٹے میں چار اور حملوں کو ناکام بنایا ہے۔
حوثی ملیشیا نے ان ڈرون اور میزائل حملوں میں سعودی عرب کے جنوبی شہروں اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی لیکن عرب اتحاد نے ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کو کسی ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کردیا۔
عرب اتحاد کےترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی دہشت گردی کی یہ کارروائیاں اور ان کے ذریعے جان بوجھ کر شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کی کوششیں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔‘‘
انھوں نے کہا کہ ’’ہم بین الاقوامی قانون کے مطابق شہریوں اور شہری اہداف کے تحفظ کے لیے آپریشنل اقدامات کررہے ہیں۔‘‘