.

الریاض میں وائس میڈیا گروپ کا دفترکھل گیا؛امازون میں 1500 نئے ملازمین کی بھرتی 

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وائس میڈیا گروپ نے سعودی دارالحکومت الریاض میں نیا دفترکھولنے کا اعلان کیا ہے اور امازون نے سعودی عرب میں اپنی کاروباری سرگرمیوں میں توسیع کے لیے ڈیڑھ ہزار نئے ملازمین کی بھرتی کی اطلاع دی ہے۔

وائس میڈیا گروپ کا نیا دفتر الریاض کے نواح میں قصبے الدرعیہ کے صنعتی زون میں واقع ہوگا۔اس زون میں جیکس کے نام سے نیا آرٹس اور ثقافتی مرکزقائم کیا جارہا ہے اور یہیں ایک گودام کو وائس کے دفتر میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

امریکا کی کثیرقومی کمپنی امازون نے حال ہی میں سعودی عرب میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ مملکت میں اپنی اسٹوریج صلاحیت میں 89 فی صد تک اضافہ کررہی ہے۔اس کے علاوہ وہ اپنے جغرافیائی ڈیلیوری نیٹ ورک کو 58 فی صد تک بڑھائے گی۔

اس وقت الریاض اور جدہ میں امازون کے تین گودام ، 11 ڈیلیوری اسٹیشن اور دو تقسیمی مراکز ہیں۔2021ء کے اختتام تک وہ گوداموں کی تعداد چھے تک بڑھانے اور ڈیلیوری اسٹیشن 13 تک کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس مقصد کے لیے وہ اپنے نیٹ ورک میں 11 نئی عمارتوں کو شامل کرے گی جبکہ بعض پرانی عمارتوں کو بند کردیا جائے گا یا انھیں اپ گریڈ کیا جائے گا۔

وائس میڈیا گروپ کے مشرقِ اوسط اور شمالی افریقا میں 2017ء سے کئی ایک دفاتر ہیں۔اس میڈیا کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ سعودی عرب سمیت خطے کے ہرحصے سے مختلف تناظر کو اجاگر کرنا چاہتی ہے۔

وائس میڈیا گروپ کے سینیر نائب صدرجیسن لیوی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’خطے میں ہماری ترقی ہمیشہ ہمارے مشن کی بدولت ہوئی ہے اور وہ یہ کہ ہم نوجوان آوازوں کے چیمپئن ہیں اور دنیا کے اس حصے میں فعال نوجوان کلچرکو اہمیت دے رہے ہیں۔اس سے ہماری سرگرمیوں میں فطری توسیع میں مدد مل رہی ہے۔‘‘

وائس میڈیا گروپ نے خطے کے ایک بڑے میڈیا ہاؤس ’سعودی ریسرچ اور مارکیٹنگ گروپ‘ (ایس آر ایم جی) کے ساتھ مملکت میں نوجوان ٹیلنٹ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ایک تربیتی پروگرام میں شراکت داری قائم کی ہے۔

اس میڈیا گروپ کی تخلیقی ایجنسی ’ورچو ورلڈ وائیڈ‘ بھی سعودی عرب میں اپنی براہ راست موجودگی کے لیے دفتر قائم کرے گی۔وہ خطے میں اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لیے اس وقت وہ مختلف بین الاقوامی اور علاقائی برانڈز کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔