.

ایران کے شمال مغربی صوبہ مشرقی آذربائیجان میں اسرائیلی جاسوس گرفتار :وزارتِ سراغرسانی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران کے انٹیلی جنس ایجنٹوں نے شمال مغربی صوبہ مشرقی آذربائیجان میں ایک اسرائیلی سمیت متعدد غیرملکی جاسوسوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

اس صوبہ کے ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس نے سوموار کے روز سرکاری میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’’ایک اسرائیلی جاسوس اور متعدد دوسرے جاسوسوں کو پکڑا گیا ہے۔ان کے مختلف ممالک کی سکیورٹی سروسز سے روابط تھے۔‘‘

ایرانی میڈیا نے وزارت سراغرسانی کے اس اعلیٰ عہدہ دار کا نام ظاہر کیا ہے اور نہ ان گرفتاریوں سے متعلق مزید کوئی تفصیل ظاہر کی ہے۔ یہ بھی واضح نہیں کیا کہ آیا اسرائیلی جاسوس اسرائیلی شہری ہے یا غیرملکی ہے اور وہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کررہا تھا۔

اس اعلیٰ افسر نے یہ بھی نہیں بتایا کہ یہ گرفتاریاں کب عمل میں آئی تھیں۔واضح رہے کہ ایران میں جاسوسی کے الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ملزم کو سزائے موت سنائی جاتی ہے۔

مشرقی آذربائیجان ایران کے شمال مغرب میں واقع ہے اور اس کا دارالحکومت مشہور شہر تبریز ہے۔اس کی سرحدیں پڑوسی ممالک آرمینیا اورجمہوریہ آذربائیجان سے ملتی ہیں اور یہاں آذری نسل کے لوگ لاکھوں کی تعداد میں آباد ہیں۔