تونس میں سوشل میڈیا میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد حکومت نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے اس واقعے کی تحقیقات شروع کی ہیں۔ یہ ویڈیو ایک اسپتال کے آپریشن تھیٹر کی ہے جہاں طبی عملے کو ایک مریض کی سرجری کے دوران موسیقی کی دھن پر 'محو رقص' دیکھا جا سکتا ہے۔ مسیحاؤں کی اس مجرمانہ غفلت اور مریض کی حالت نزاکت کو نظرانداز کرنے پر طبی عملے کے خلاف عوام میں شدید غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
یہ ویڈیو اسپتال کی ایک نرس نے ٹک ٹاک پر پوسٹ کی جو جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ ویڈیو میں خواتین پر مشتمل طبی عملے کو ایک مریض کی سرجری کے دوران موسیقی کی دھن پر رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ ڈانس ایسے وقت میں ہو رہا تھا جب کہ مریض کا پیٹ سرجری کے لیے پھاڑا جا چکا تھا۔ اس منظر کو دیکھ کر شہریوں میں مذکورہ طبی عملے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب تونسی حکام نے اس واقعے کو پیشہ وارانہ ذمہ داری میں لاپرواہی اور مریض کی حرمت کو پامال کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ طبی عملے کی رقص سے مریض کی زندگی خطرے سے دوچار ہوگئی تھی۔ پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔