یواے ای کے بعد مصراوراسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بہتری کےاقدامات زیرغور ہیں: ترک صدر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

ترک صدررجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ان کا ملک متحدہ عرب امارات کی طرح مصراوراسرائیل کے ساتھ بھی دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے گا۔ان کا کہنا ہے کہ یواے ای کے ساتھ حالیہ ہفتوں کے دوران میں تعلقات میں بہتری سے ترکی میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

انقرہ اورابوظبی نے گذشتہ ہفتے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دست خط کیے تھے اور صدرایردوآن نے کہا تھا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کے ایک ’’نئے دور‘‘کا آغاز کریں گے۔

صدرایردوآن نے سوموار کے روز ترکمانستان سے واپس آتے ہوئے اپنےساتھ طیارے پرسوار صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ترکی میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔اس منصوبے کو عملی جامہ پہنا کرہم ایک بہت مختلف مستقبل کی تعمیرکریں گے۔انھوں نے مزید بتایا کہ وہ آیندہ سال فروری میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔

انھوں نے تل ابیب اور قاہرہ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ جس طرح کا بھی اقدام کیا گیا ہے،ہم دوسروں (اسرائیل اور مصر) کے ساتھ (تعلقات میں بہتری کے لیے )ایسا ہی اقدام کریں گے۔

ترکی نے گذشتہ ایک سال کے دوران میں مصر اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں لیکن ان دونوں ممالک سے مذاکرات کے نتیجے میں عوام میں بہت کم بہتری آئی ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں صدرایردوآن نے ترکی میں زیرحراست اسرائیلی جوڑے کی رہائی کے بعدصہیونی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کے ساتھ فون پر پہلی مرتبہ گفتگو کی تھی۔

واضح رہے کہ ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زایدآل نہیان نے گذشتہ بدھ کو انقرہ میں صدرطیب ایردوآن کے ساتھ بات چیت کے بعد 10 ارب ڈالر مالیت کے ایک فنڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔متحدہ عرب امارات کے اس فنڈ کے قیام کا مقصد ترکی میں سرمایہ کاری کا فروغ ہے۔اس کے ذریعے وہ ترکی میں توانائی اور صحت کے شعبوں سمیت تزویراتی سرمایہ کاری پر اپنی توجہ مرکوز کرے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں