.

سعودی ولی عھد خطے کے دورے کے پہلے مرحلے میں مصر پہنچ گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان پیر کو تین ملکوں کے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں مصر پہنچ گئے۔

العربیہ نیوز چینل کے مطابق قاہرہ پہنچنے پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خیر مقدم کیا۔

قبل ازیں سعودی ایوان شاہی نے بیان میں کہا تھا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مصر، اردن اور ترکی کے دورے پر روانہ ہو گئے، جہاں وہ تینوں ممالک کے رہ نماؤں سے ملاقات کریں گے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ’شاہ سلمان بن عبدالعزیز چاہتے ہیں کہ سعودی عرب اور برادر ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات مضبوط اور تینوں ملکوں کے ساتھ رابطے مستحکم ہوں۔‘

ولی عہد مصر، اردن اورترکی کے رہنماؤں سے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ مشترکہ مفادات اور اقتصادی شعبے کے تعاون کے فروغ کے لیے تبادلہ خیال کریں گے۔

سعودی ولی عہد یہ دورہ اگلے ماہ امریکی صدر جو بائیڈن کے دورۂ سعودی عرب سے قبل کر رہے ہیں۔ بائیڈن کے دورے کے موقع پر سعودی عرب خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کے سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ اس میں امریکی صدر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ مصر، عراق اور اردن کے سربراہان بھی اس سربراہ اجلاس میں خصوصی شرکت کریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں