سعودی عرب کا النصر فٹ بال کلب مبیّنہ طور پر پُرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کو قطر میں جاری ورلڈکپ فٹ بال ٹورنا منٹ کے اختتام کے بعد تین سال کے معاہدے کی پیش کش کرنے کوتیار ہے۔
سی بی ایس اسپورٹس نے کلب کے قریبی ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ النصرپُرتگیزی اسٹاررونالڈو کی خدمات حاصل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
سی بی ایس اسپورٹس نے مزید کہا کہ اس پیش کش کی مالیت ایک سال میں ساڑھے سات کروڑ ڈالر ہے۔ان کے درمیان موسم گرما میں روابط شروع ہوئے تھے اور یہ خیال کیا جاتا ہے کہ بات چیت نسبتاً اعلیٰ سطح پر ہوئی ہے لیکن کلب کو ابھی تک رونالڈو کے حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔
ذرائع نے سی بی ایس اسپورٹس کوبتایا کہ اگر وہ اس پیش کش کو قبول کرلیتے ہیں تو معاہدے کو حتمی شکل دینے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
بیان میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ النصر کی پیش کش پرتگال کے بین الاقوامی کھلاڑی سے اب تک واحد باضابطہ رابطہ سمجھی جاتی ہے اور ان کے مستقبل کا فیصلہ ورلڈ کپ کے اختتام تک نہ ہونے کی توقع ہے۔
رونالڈو نے گذشتہ ہفتے برطانیہ کے معروف کلب مانچسٹریونائیٹڈ کے ساتھ اپنی راہیں جداکی تھیں۔اب وہ ایک آزاد ایجنٹ ہیں اور کسی بھی کلب کے ساتھ کھیلنے کے لیے نئے سمجھوتے پردست خط کرسکتے ہیں۔
انھوں نے ایک دھماکا خیزانٹرویومیں مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ کلب کی طرف سے’’دھوکا دہی‘‘ محسوس کرتے ہیں جبکہ انھوں نے نوجوان کھلاڑیوں کوبھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔