روس اور یوکرین

متحدہ عرب امارات سے یوکرین کے لیے مزید 14 ٹن امدادی سامان روانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

متحدہ عرب امارات نے جنگ زدہ یوکرین کے لیے 14 ٹن امدادی سامان بھیجا ہے۔

امارات نیوزایجنسی کے مطابق یواے ای سے روانہ کیے گئے امدادی سامان کی کھیپ میں کمبل، ایل ای ڈی بلب اور ذاتی دیکھ بھال کی اشیاء شامل تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ رسد متحدہ عرب امارات کی جاری انسانی امداد کا حصہ ہے جس کا مقصد بحران کے دوران میں یوکرین کے عوام کے مصائب کو کم کرنا ہے۔

یواے ای سے یہ امدادی سامان پہلے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا بھیجا گیا ہے اور وہاں سے اسی زمینی راستے سے یوکرین منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال اکتوبرمیں متحدہ عرب امارات نے یوکرین کے شہریوں کے لیے 10 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا۔یواے ای نے اب تک قریباً 550 ٹن امدادی سامان سے لدے 11 طیارے بھیجے ہیں۔

یواے ای نے 2،520 جنریٹرز اور چھے ایمبولینسیں یوکرین میں بھیجی ہیں۔اس کے علاوہ اس کے پڑوسی ملکوں پولینڈ، مالدووا اور بلغاریہ میں یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے امدادی سامان بھیجا ہے۔

پولینڈ کے صدر آندریج ڈوڈا نے رواں ہفتے سرکاری دورے کے موقع پرمتحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات کی تھی اوران سے یوکرین کی جنگ پر تبادلہ خیال کیا تھا۔پولش صدر نے یوکرینی پناہ گزینوں کی معاونت پر اپنے اماراتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا تھا۔

گذشتہ منگل کواماراتی صدرشیخ محمد بن زاید آل نہیان نے یوکرین کی خاتون اوّل اولینا زیلینسکا سے ملاقات کی تھی۔اس کے بعد متحدہ عرب امارات نے جنگ زدہ ملک میں تنازع سے متاثرہ بچّوں کے لیے 40 لاکھ ڈالرکی مزید انسانی امداد کا حکم دیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں