کویت نے فلپائن کی جانب سے مطالبات پر عمل درآمد کی صورت میں فلپائنی شہریوں کو ویزوں کے اجراء پرعاید پابندی ختم کرنے کے لیے بات چیت پرآمادگی ظاہر کی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق کویت کے نائب وزیر خارجہ منصور العتیبی نے کہا ہے کہ ان شرائط کے تحت فلپائن کویہ تسلیم کرنا ہوگا کہ اس کے سفارت خانے نے کویتی قوانین اور سفارتی تعلقات سے متعلق ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے۔
کویت ٹائمز نے العتیبی کے حوالے سے کہا کہ فلپائن کے سفارت خانے کو ان خلاف ورزیوں کو روکنا چاہیے۔انھیں دوبارہ نہ دُہرانے کا عہد کرنا چاہیے اور مجرموں کا احتساب کرنا چاہیے۔انھوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آیندہ عرصے میں اس مسئلہ کو حل کر لیا جائے گا۔
24مئی کو کویت کی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ وہ فلپائن کے شہریوں کے لیے کسی بھی قسم کے ویزوں کے اجرا پرپابندی جاری رکھے گی کیونکہ منیلا نے کویت کی ان شرائط کو مسترد کردیا ہے جن کا مقصد کارکنوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا ہے۔
بیان کے مطابق کہ وزارتِ داخلہ نے کویت کی خودمختاری یا کویتی شہریوں کے وقار پر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو مسترد کرنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ان خلاف ورزیوں کو 'ریڈ لائن' سمجھا جاتا ہے۔
پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے مطابق فلپائن کے سفارت خانے نے بھرتی دفاتر سے کہا تھا کہ وہ کویتی گھروں میں کام کرنے والے فلپائنی ملازمین کو اس بہانے سے نکال لیں کہ ان کے کام کے معاہدے ختم ہوچکے ہیں۔
اتھارٹی نے کہا کہ سفارت خانے نے بھرتی دفاتر پر گھریلو ملازمین کو غیرقانونی طور پر رکھنے کے لیے بھی دباؤ ڈالا اور ساتھ ہی انھیں ملازمت کے معاہدوں میں ایسی شرائط شامل کرنے پر مجبور کیا جن پر آجر راضی نہیں تھے۔
سفارت خانے نے مبیّنہ طور پر ملک میں سرکاری ایجنسیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے بھاگنے والی نوکرانیوں کی تلاش کے لیے بھرتی دفاتر کو بھی مجبور کیا۔
اس سے قبل مئی کے اوائل میں کویت نے اعلان کیا تھا کہ وہ وزیرداخلہ کے احکامات کے تحت فلپائنی شہریوں کے لیے ہر قسم کے کام اور انٹری ویزے روک دے گا، سوائے اس کے کہ صرف قانونی حیثیت رکھنے والے فلپائنی شہریوں کے رہائشی اجازت نامے کی تجدید کی جائے۔
کویت میں فلپائنی باشندوں پر پابندی جنوری 2023 میں ایک کویتی نوجوان کے ہاتھوں گھریلو ملازمہ جولیبی رانارا کی عصمت دری اور قتل کے چند ماہ بعد عاید کی گئی تھی۔اس واقعہ کے بعدکویت میں فلپائنی ملازمین کے ساتھ بدسلوکی پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔قریباً 268،000 فلپائنی تارکین وطن اس وقت کویت میں مختلف ملازمتیں کرتے ہیں۔
فلپائن کے امیگرنٹ ورکرز ڈپارٹمنٹ (ڈی ایم ڈبلیو) کے اعداد و شمار کے مطابق، صرف 2022 میں فلپائنی کارکنوں کے خلاف بدسلوکی کے 24،000 سے زیادہ واقعات ہوئے تھے۔
حالیہ برسوں میں فلپائنی کارکنوں کے خلاف بدسلوکی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ، جس میں عصمت ریزی ، انسانی اسمگلنگ ، لیبر کنٹریکٹ کی خلاف ورزیوں اور غیر قانونی برطرفیوں کے درجنوں واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔