سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وینزویلا کے صدر نِکولس مادورو نے جدہ کے السلام محل میں ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ولی عہد نے مادورو اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا مملکت کے دورے پر خیرمقدم کیا اور وینزویلا کے صدر نے سعودی عرب میں موجودگی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
📹 | HRH Crown Prince Mohammed bin Salman met with the President of Venezuela @NicolasMaduro. 🇸🇦🇻🇪
— Foreign Ministry 🇸🇦 (@KSAmofaEN) June 5, 2023
pic.twitter.com/GKSCsw7TFU
دونوں رہ نماؤں نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات اور انھیں بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا۔انھوں نے مشترکہ مفادات کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز،وزیرکھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل بن عبدالعزیز، نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز، وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر اقتصادیات و منصوبہ بندی فیصل بن فضل آل ابراہیم بھی وینزویلا کے صدر کا استقبال کرنے والے سعودی وفد میں شامل تھے۔
مادورو اتوار کو جدہ پہنچے تھے اوروہ یہ دورہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن کے دورے سے قبل کررہے ہیں۔انٹونی بلینکن آج منگل کوسعودی عرب پہنچنے والے ہیں۔ وہ 8 جون تک مملکت میں قیام کریں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میٹ ملر کے مطابق انٹونی بلینکن سعودی حکام سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تزویراتی تعاون کے علاوہ عالمی،علاقائی، اقتصادی اور سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کریں گے۔