سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ حج کے دوران میں عازمین کو خدمات مہیا کرنا اور ان کے محفوظ اور آرام دہ حج کو یقینی بنانا سعودی عرب کے لیے "فخر کا باعث" ہے۔
سعودی ولی عہد منیٰ پیلس میں بدھ کی شب عید الاضحیٰ کی مناسبت سے استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس میں مفتی اعظم سعودی عرب ، سینیر علماء ،اسکالروں ، اسلامی شیوخ، جی سی سی کے اعلیٰ حکام، وزراء اور رہنماؤں نے شرکت کی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے آپ کو، شہریوں، مکینوں اور زائرین کو عید الاضحی ٰ کے بابرکت موقع پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انھں نے کہا کہ دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر عازمین حج کی خدمت، ان کے آرام وراحت کو یقینی بنانے اوران کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے سعودی سکیورٹی فورسز کی مبارک کاوشیں ہمارے لیے فخر کا باعث ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم حج کی ادائی کو آسان بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے اوراس ضمن میں اپنی تمام صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے سکیورٹی فورسز کو مخاطب ہوکر کہا کہ آپ نے اپنے ملک اور اس کے مقدس مقامات کی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے جو عظیم قربانیاں دی ہیں،عزت اور بہادری کا جو مظاہرہ کیا ہے،وہ اس ملک کے قیام کے بعد سے اس ملک کے لوگوں کے نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔ ہمارے لوگ اس کی سلامتی، اس کے استحکام کو برقرار رکھنے اور اس کی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔
تقریب میں پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد بن عبداللہ البسامی نے حج کے موقع پر فرائض انجام دینے والے سکیورٹی اداروں کی جانب سے خطاب کیا۔
انھوں نے کہا کہ ’’اللہ نے اس ملک کو معزز مقام عطا کیا ہے اور اسے حاجیوں کی خدمت کے لیے وقف کیا ہے۔اسے حجاج اور المسجد الحرام کے مہمانوں کی خدمت کرنے کا اعزازعطا کیا ہے۔ آپ کے جو بچّے حج سکیورٹی منصوبوں پر عمل درآمد میں حصہ لیتے ہیں وہ اس کام کو انجام دینے پر فخر محسوس کرتے ہیں‘‘۔
لیفٹیننٹ جنرل نے مزید کہا کہ اس سال حج کے موقع پر سکیورٹی منصوبوں کے ذریعے حاصل کردہ کامیابیاں شاہ سلمان اور ولی عہد کی ہدایات کی مرہون منت ہیں۔ یہ سلسلہ عازمین حج کے پہلے گروپ کی مملکت میں آمد سے لے کر اب تک جاری رہا ہے۔
رواں سال مکہ مکرمہ میں سالانہ حج میں 18 لاکھ سے زیادہ غیرملکی عازمین نے شرکت کی ہے۔ حج ان تمام اہل مسلمانوں پر لازم ہے جو سفرِ حج کی استطاعت رکھتے ہیں۔