سعودی حکام نے کینڈی اور میوہ جات کی کھیپ میں چھپائی گئی قوت بخش ممنوعہ دوا ایمفیٹامین کی 60 لاکھ 72 ہزار 291 گولیاں مملکت میں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
سعودی عرب کی نظامتِ عامہ برائے انسداد منشیات ( جی ڈی این سی) نے ہفتے کے روز بتایا کہ یہ کارروائی سلطنت عُمان میں متعلقہ حکام اور مملکت کی جنرل اتھارٹی برائے زکوٰۃ اور ٹیکس کے تعاون سے کی گئی ہے۔
حکام نے منشیات اسمگلنگ کی اس کوشش کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ان میں مملکت کا ایک رہائشی اور ایک سیاح شامل ہے۔انھوں نے دارالحکومت الریاض میں یہ کھیپ وصول کرنا تھی۔
سعودی حکام آئے دن قوت بخش اور نشہ آور کیپٹاگون اور ایمفیٹامین کی لاکھوں گولیاں ضبط کرنے کا اعلان کرتے رہتے ہیں۔یہ ممنوعہ دوائیں بالعموم ہمسایہ ممالک سے پھلوں ، سبزیوں یا کھانے کی دوسری اشیاء کی کھیپوں میں چھپا کر سعودی عرب میں اسمگل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
کیپٹاگون کی گولیوں کی کثیرتعدار کو شام اور لبنان میں تیارکیا جاتا ہے۔اس کا نام ماضی میں نارکولیپسی کے خلاف قانونی دوا سے اخذ کیا گیا تھا۔