المسجد الحرام مکہ مکرمہ کی صفائی دن میں دس مرتبہ اور وہ بھی 20 منٹ میں کی جاتی ہے۔ المسجد الحرام انتظامیہ کے ماتحت شعبہ صفائی کا کہنا ہے’ زائرین کی بڑی تعداد میں موجودگی کے باوجود 15 سے 20 منٹ میں صفائی کا کام مکمل کر لیا جاتا ہے‘۔
مطاف اور خانہ کعبہ کے اطراف کی صفائی میں 200 کارکن حصہ لیتے ہیں۔ حرمین شریفین انتظامیہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصاویر اور ویڈیو شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صفائی کارکنان انتہائی مستعدی کے ساتھ صفائی کا کام کر رہے ہیں۔
عنايةً ببيت الله الحرام نقوم بغسل صحن المطاف 10 مرات يوميًا بأكثر من 200 لتر من الماء المطهر ومواد صديقة للبيئة.#الكعبة_المشرفة#المسجد_الحرام pic.twitter.com/zzB9Xxsryr
— الهيئة العامة للعناية بشؤون الحرمين (@ReasahAlharmain) September 7, 2023
صفائی کے کام میں ماحول دوست اشیا استعمال کی جاتی ہیں۔ شروعات خانہ کعبہ کے دروازے کی چوکھٹ (ملتزم) سے ہوتی ہے جبکہ مطاف کی دھلائی کی شروعات طواف کرنے والوں کی سمت سے کی جاتی ہے۔
حجر اسماعیل اور شدروان کی صفائی ہوتی ہے۔ حجر اسود کو معطر کیا جاتا ہے۔ رکن یمانی کو گیلے کپڑے سے صاف اور پھر معطر کیا جاتا ہے۔ مقام ابراہیم کو بھی دھویا جاتا ہے۔
صفائی کا مکمل ہونے کے بعد المسجد الحرام کے فرش کو خشک اور معطر کیا جاتا ہے۔
صفائی کارکنان کی انتہائی کوشش ہوتی ہے کہ زائرین کے طواف اور عبادت میں کسی قسم کا خلل پیدا نہ ہو۔ یہ تمام کام تربیت یافتہ سعودی عملے کی نگرانی میں ہوتا ہے۔