مجبورا غزہ چھوڑنے والے ہر فرد کو اپنے گھر واپس آنے کا حق ہے: کملا ہیرس
بچوں اور معصوم شہریوں کو کھونے کے درد کو سمجھتی ہوں: امریکی نائب صدر کی ’’ العربیہ‘‘ سے گفتگو
امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے جمعرات کو العربیہ کو خصوصی بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں اور معصوم شہریوں کو کھونے کے درد کو سمجھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شخص کسی حد تک درد محسوس کیے بغیر تصویروں کو نہیں دیکھ سکتا اور نہ ہی غزہ میں مصائب کی کہانیاں سن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ انسانی بنیادوں پر جنگ بندی پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے تاکہ انسانی امداد کی آمد کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کے لیے محفوظ راستہ بنایا جا سکے۔ غزہ چھوڑنے پر مجبور ہونے والے لوگوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کردیا۔
کملا ہیرس کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن مشرق وسطیٰ کے لیے روانگی سے قبل واشنگٹن میں اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے دورے کے دوران فلسطینی شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات پر توجہ دیں گے۔
نائبة الرئيس الأميركي لـ #العربية: نريد ضمان وصول المساعدات الإنسانية وخلق ممر آمن للمدنيين pic.twitter.com/nB5O0BCaj1
— العربية (@AlArabiya) November 2, 2023
انہوں نے کہا تھا کہ حالیہ دنوں میں ہم نے فلسطینی شہریوں کو اس تنازعے کا مسلسل نقصان اٹھاتے ہوئے دیکھا ہے۔ ہم غزہ میں مردوں، عورتوں اور بچوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کے بارے میں بات کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید امدادی ٹرک غزہ پہنچیں گے۔
بلینکن نے عہد کیا کہ وہ غزہ کے اطراف بستیوں پر 7 اکتوبر کے حملے کے بعد سے حماس کے زیر حراست قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے یکساں طور پر پائیدار امن کے حصول کے لیے حالات پیدا کرنے کی ضرورت کی نشاندہی کی۔
انہوں نے خطے میں کشیدگی کو روکنے کے لیے واشنگٹن کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیلی حکومت اور خطے میں شراکت داروں سے بات کریں گے تاکہ تنازع کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
وائٹ ہاؤس کے حکام نے جمعرات کو کہا کہ سکریٹری آف سٹیٹ بلینکن اسرائیلی حکومت پر زور دیں گے کہ وہ غزہ میں فوجی کارروائیوں میں مختصر توقف اختیار کریں تاکہ قیدیوں کی بحفاظت رہائی اور انسانی امداد کی تقسیم کی اجازت دی جا سکے۔
بدھ کے روز امریکی صدر جو بائیڈن نے انکشاف کیا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس سے قبل 20 اکتوبر کو دو امریکیوں جوڈتھ رانان اور ان کی بیٹی نتالی رانان کی رہائی کی اجازت دینے کے لیے بمباری کو مختصر طور پر روکنے پر اتفاق کیا تھا۔